1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ نے برلن کو شکست دے دی

16 اکتوبر 2011

بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز ہونے والے مقابلوں میں بائرن میونخ نے ہیرتھا برلن کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیتے ہوئے پہلی پوزیشن پر اپنی گرفت کو مزید مستحکم بنا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12sof
تصویر: dapd

اس میچ میں فتح کے بعد میونخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم سے پانچ پوائنٹس کا فرق قائم میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ سے اس کے پوائنٹس کا فرق اب چھ ہو چکا ہے۔ گزشتہ سیزن میں میونخ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی اور سیزن کے اختتام پر ڈورٹمنڈ کے مقابلے میں اسے دس پوائنٹس کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

برلن کے خلاف ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ کی جانب سے ماریو گومیس، فرانک ریبری اور باستیان شوائن شٹائگر نے گول کیے۔ میچ کے 69 ویں منٹ میں گومیس نے اپنا دوسرا گول کیا۔

Borussia Moenchengladbach vs. Bayer 04 Leverkusen Flash-Galerie
مؤنشن گلاڈباخ اور لیورکوزن کا میچ دو دو گول سے برابر رہاتصویر: dapd

میچ کے بعد بائرن میونخ کے کوچ Heynckes نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی ٹیم نے خصوصاﹰ پہلے ہاف میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ’’ہم نے بال کو اپنا کام کرنے دیا۔ ہماری پاسنگ زبردست تھی اور ہم نے جلد ہی تین گول کر لیے۔ دوسرے ہاف میں ہم نے میچ پر اپنی گرفت کا مظاہرہ جاری رکھا اور بال کو زیادہ تر اپنے پاس ہی رکھا اور گول کے متعدد موقع بنائے۔‘‘

میچ کا نتیجہ بائرن میونخ کے سابق سٹار کھلاڑی اور برلن کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مارکوس بابیل کے لیے سخت مایوس کن رہا ہے۔ میچ کے بعد بابیل کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم بائرن میونخ کے خلاف ویسا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی، جیسا وہ عمومی طور پر کرتی ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گیے دیگر میچوں میں مؤنشن گلاڈ باخ اور لیورکوزن کے درمیان کھیلا گیا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ایک اور میچ میں آؤگسبرگ نے مائنز کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی جبکہ شٹٹ گارٹ نے ہوفن ہائم کو دو صفر سے ہرا دیا۔

اس میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو مقابلے ہوں گے۔ فرائی برگ کی ٹیم ہیمبرگ کے مد مقابل ہو گی جبکہ کولون کا مقابلہ ہینوور سے ہو گا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک