1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ نے سرفہرست مقام پالیا

19 ستمبر 2011

ممتاز جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ نے قومی فٹ بال لیگ میں دوبارہ سر فہرست مقام حاصل کرلیا ہے۔ رواں سیزن کے چھٹے میچ ڈے کے اختتامی روز بائرن میونخ نے شالکے کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے مات دی۔

https://p.dw.com/p/12beh
تصویر: dapd

بائرن میونخ کی شاندار کارکردگی کا اندازہ لگانے کے لیے یہ جان لینا کافی ہے کہ گزشتہ آٹھ مقابلوں میں ان کے خلاف کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی ہے۔ اس مثالی کارکردگی کا سہرا ان کے گول کیپر مانویل نویر کے سر باندھا جا رہا ہے۔ نویر اس سے قبل شالکے میں بطور کپتان اور گول کیپر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے تھے۔

شالکے کے خلاف بائرن کی جانب سے پہلا گول میچ کے 21 ویں منٹ میں نیلس پیٹرسن نے کیا، جنہیں حال ہی میں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ گول کرنے میں ان کے ساتھی کھلاڑی اور فرانسیسی قومی فٹ بالر فرانک ریبری کا کردار خاصا اہم رہا۔ بائرن کی جیت کو یقینی بنانے والا دوسرا گول جرمن قومی فٹ بالر تھوماس مؤلر نے کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل 75 ویں منٹ میں کیا۔ مؤلر نے شالکے کی دفاعی لائن کی کمزوریوں کا خوب فائدہ اٹھایا۔ 

Bundesliga Dortmund Hannover
ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی شکست کے بعد مایوس نظر آرہے ہیںتصویر: dapd

اتوار کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ کی خراب کارکردگی کا تسلسل جاری رہا اور اسے ہینوور  نے بھی مات دے دی۔ اس طرح یہ ڈورٹمنڈ کی رواں سیزن میں مسلسل دوسری شکست ٹھہری۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے انہیں اپنے ہی میدان پر بریمن کی ٹیم بھی شکست دے چکی ہے۔ اگرچہ ہینوور کے خلاف میچ میں ڈورٹمنڈ کو 63 ویں منٹ میں برتری حاصل ہوگئی تھی تاہم اس کے کھلاڑی اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکے اور مقابلہ ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے ہینوور کی جیت پر ختم ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اب تمام 18 کلبز نے چھ چھ میچز کھیل لیے ہیں، جس کے بعد بائرن میونخ 15 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر 13 پوائنٹس کے ساتھ بریمن جبکہ 13 ہی پوائنٹس کی حامل مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ اب تک محض دو مقابلے جیت پائی ہے اور سات پوائنٹس کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت : حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید