1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بتیسویں میچ ڈے کے سنسنی خیز مقابلے

25 اپریل 2010

جرمنی میں فٹ بال کی قومی فٹ بال لیگ اپنی منزل کے قریب تر ہے لیکن ابھی تک کسی بھی ٹیم کے چیمپیئن بننے کا امکان واضح نہیں ہوا۔ شالکے اور میونخ کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/N5d8
شالکے ٹیم کے ہیکو ویسٹر مان گول کرنے کے بعدتصویر: AP

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے بتیسویں میچ ڈے پر چیمپیئن شپ کے حصول میں مزید سنسنی خیزی پیدا ہو گئی ہے۔ پہلی پوزیشن کی حامل ٹیم بائرن میونخ کا موئنشن گلاڈ باخ کے ساتھ میچ  ایک ایک گول سے برابر رہنے سے میونخ ٹیم کو ناقابلِ تلافی دو پوائنٹ کا نقصان پہنچا ہے۔ اُس کے کل پوائنٹس اب 64 ہو گئے ہیں۔  دوسری جانب شالکے کی ٹیم نے ہیرتھا کلب کے خلاف ایک گول سے کامیابی حاصل کر کے تین پوائنٹس حاصل کئے اور اب اس کے پوائنٹس بھی 64 ہو گئے ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر شالکے اور میونخ کی ٹیموں کی گول اوسط اور پوائنٹس بھی برابر ہیں لیکن گزشتہ دنوں میونخ کی شالکے پر فتح کے باعث اُسے پہلی جبکہ شالکے کو دوسری پوزیشن حاصل ہے۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر میونخ کی ٹیم کو دو پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، جو اب ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ اُدھر شالکے کی ٹیم نے ہیرتھا کے خلاف کامیابی حاصل کر تے ہوئے اپنے کوچ میگاتھ فیلکس کو سکون ضرور دیا ہے کیونکہ وہ خاص طور پر شالکے کو اس سال چیمپیئن بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ شالکے کو اگر ہینوور کے خلاف میچ میں شکست نہ ہوئی ہوتی تو اب وہ یقینی طور پر رواں سیزن میں کامیابی کا احساس کر رہی ہوتی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

Fußball Bundesliga Borussia Moenchengladbach Bayern München
میونخ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان میچ کا ایک منظرتصویر: AP

دوسری جانب موئنشن گلاڈ باخ کے خلاف میچ کے بروابر ہونے اور دو قیمتی پوائنٹ ضائع ہو جانے پر میونخ ٹیم میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور آئندہ ایک بھی شکست سے وہ چیمپیئن شپ کی دوڑ سے باہر ہو سکتی ہے۔

اب بنڈس لیگا کےدو میچ ڈے، 33 واں اور 34 واں باقی رہ گئے ہیں۔ شالکے کو اگلے میچ ڈے کے دوران بریمن کی ٹیم کے ساتھ ایک مشکل میچ کھیلنا ہے۔ شالکے کا آخری میچ مائنز کی ٹیم کے ساتھ ہو گا۔ دوسری جانب بائرن میونخ  کے بظاہر دونوں میچ آسان ہیں۔ اس ٹیم کو اگلے میچ ڈے کے دوران بوخم کی ٹیم اور پھر آخری میچ ہیرتھا کلب کے ساتھ کھیلنا ہے۔ کسی بھی میچ میں شکست سے میونخ کی ٹیم چیمپیئن شپ سے باہر ہو سکتی ہے۔  لیکن ایسا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔ دوسری جانب شالکے ٹیم اگر بریمن کے خلاف میچ برابر بھی کھیلتی ہے تو وہ چیمپیئن شپ کی دوڑ سے یقینی طور پر باہر ہو جائے گی۔ اعداد و شمار کے تناظر میں ابھی تک بائرن میونخ کی کامیابی کے امکانات شالکے سے زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔

ہیرتھا کلب کی اس سیزن کے اختتام پر درجہ دوم میں منتقلی یقینی ہو چکی ہے۔ اُس کے پوائنٹس صرف 23 ہیں۔ یہی حال بوخم اور ہینوور کی ٹیموں کا بھی ہو سکتا ہے۔ فرائی برگ کی ٹیم نے گزشتہ دنوں ایک کامیابی سے اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ہے۔

 بنڈس لیگا کے ٹورنامنٹ فارمیٹ کے تحت کل اٹھارہ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور جو تین ٹیمیں سب سے نیچے رہتی ہیں، وہ درجہ دوم میں دھکیل دی جاتی ہیں اور اُس لیول کی ٹاپ تھری ٹیمیں قومی لیگ کھیلنے کی اہل قرار پاتی ہیں۔ بنڈس لیگا درجہ دوم سے کائزرز لاؤٹرن ، سینٹ پاؤلی اور آؤگس برگ کی ٹیمیں بنڈس لیگا درجہ اول کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں