1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: دفاعی چیمپیئن میونخ کا شاندار آغاز

22 اگست 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے پہلے میچ ڈے کے زیادہ تر میچ مکمل ہوگئے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن میونخ کلب نے اپنے اعزاز کا شاندار دفاع کرتے ہوئے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/OtKl
بریمن اور ہوفن ہائیم کے میچ کا منظرتصویر: AP

بنڈس لیگا کے پہلے میچ ڈے کی شروعات توجمعہ سے ہو چکی ہے۔ جمعہ کو ایک میچ کھیلا گیا جبکہ ہفتہ کے روز چھ میچ شیڈیول تھے۔ ان میں سب سے دلچسپ مقابلہ ہوفن ہائم اور بریمن کے درمیان تھا۔ بریمن کی مضبوط ٹیم کو ہوفن ہائم سے ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہارنا پڑا۔ ہوفن ہائم کی ٹیم سن 2008 ء میں پہلے حصے کی چیمپیئن تھی اور بعد میں وہ مکمل چیمپیئن شپ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

گزشتہ سال اس ٹیم کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی تھی۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ اس کے مایہ ناز کھلاڑی پوری طرح فٹ نہیں تھے۔ بہر حال گزشتہ روز کے میچ کو دیکھ کر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ہوفن ہائم کے کھلاڑی فٹنس کے مسائل سے باہر نکل آئے ہیں۔

ہفتہ کے روز مؤنشن گلاڈ باخ اور نیورینبرگ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں گول کھیل کے پہلے ہاف میں ہوئے تھے۔کولون کی ٹیم کوکائزرزلاؤٹرن سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہارنا پڑا۔ کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم درجہ دوم سے کوالیفائی کر کے لیگ کے پہلے مرحلے میں کھیل رہی ہے۔ اسی طرح ایک اور کوالیفائی کرنے والی ٹیم سینٹ پاؤلی نے بھی اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نے فرائی بُرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ہنوور کلب کو فرینکفرٹ کے کلب پر فتح حاصل ہوئی۔

Flash-Galerie Bundesliga 1. Spieltag
ہیمبرگ نے شالکے کو دو ایک سے شکست دیتصویر: AP

گزشتہ سال دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم شالکے کو ہیمبرگ سے دو ایک ہارنا پڑا۔ یہ میچ وقفے پربغیر گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں نتیجہ خیز گول ہوئے۔ اس طرح فیلکس ماگاتھ کی ٹیم نے رواں سال مناسب انداز میں اپنے کھیل کی شروعات نہیں کی ہے۔

پہلے دن میونخ نے وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ وولفس برگ کی ٹیم سن 2008 میں قومی چیمپیئن شپ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ البتہ گزشتہ سال وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے سے قاصر رہی۔ میونخ کی ٹیم سن 2009 میں ایک بار پھر چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی تھی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عابد حسین