1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا : ستائیسویں میچ ڈے کا اختتام

22 مارچ 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ ، بنڈس لیگا کے ستائیسویں میچ ڈے کے تمام میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ ابھی تک پوائنٹس ٹیبل پر میونخ کی ٹیم پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

https://p.dw.com/p/MYnF
شالکے اور ہیمبرگ مدمقابلتصویر: AP

بنڈس لیگا کے ستائیسویں میچ ڈے کے تیسرے اورآخری دن کھیلے گئے ایک میچ میں ہیمبرگ اور شالکے کے مابین مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ شالکے اگر یہ میچ جیت جاتی تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آ جاتی۔ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ اتوار کے روز کھیلے جانے والےاس میچ میں پوائنٹس ٹیبل کی نمبر دو ٹیم شالکے، ہیمبرگ کے خلاف اپنا میچ جیت جائے گی۔ مگر ایسا ممکن نہ ہوا۔

اگرچہ طویل وقت تک شالکے کو ایک گول کی برتری حاصل رہی لیکن میچ ختم ہونے سے صرف پانچ منٹ قبل ہیمبرگ کے متبادل کھلاڑی Jonathan Pitroipa نے گول کر کے میچ برابر کردیا۔

میچ کے برابر ہونے کا بظاہر ہیمبرگ کو کوئی بڑا فائدہ نہیں ہوا، وہ بدستور چھٹی پوزیشن پر ہے لیکن شالکے پہلا مقام حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ۔

اِس سے قبل گزشتہ ہفتے کے دوران شالکے صرف چوبیس گھنٹوں کے لئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

میچ کے برابر رہنے سے کوچ میگاتھ فیلکس کو خاصی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ وہ بڑے پلان کے ساتھ آہستہ آہستہ نمبر ون پوزیشن کی جانب رواں دواں تھے اور شائقین کو یقین تھا کہ شالکے کلب اپنا میچ جیت جائے گی۔ ماہرین کے خیال میں ان کی ٹیم کو میچ برابر رہنے پر ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔

فیلکس گزشتہ سال چیمپیئن بننے والی ٹیم وولفس برگ کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ اب شالکے ٹیم پوائنٹس کے لحاظ سے بائرن میونخ سے صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسری پوزیشن پر ہے۔ اُس کے پوائنٹ پچین جبکہ بائرن میونخ کے چھپن ۔ تیسری پوزیشن پر بائر لیورکوزن کی ٹیم ہے۔

Wolfsburg Berlin Bundesliga
ہیرتھا نے وولفس برگ کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیاتصویر: AP

اتوار کو کھیلے گئے ایک اور میچ کا نتیجہ بھی حیران کن رہا۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے کی ٹیم ہیرتھا نے گزشتہ سال کے چیمپیئن کلب وولفس برگ کو ایک گول کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دے دی ۔ یہ اس سیزن میں ہیرتھا کی سب سے عمدہ کارکردگی رہی۔

اس ٹورنامنٹ کے اب کل سات میچ ڈے باقی ہیں اور ہیرتھا کو اگر بنڈس لیگا کے ٹاپ لیول میں کھیلنا ہے تو اُسے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہو گا وگرنہ اگلے برس وہ لیول ٹو میں دھکیل دی جائے گی۔ وولفس برگ کی پوزیشن دسویں ہے۔

جرمنی میں بنڈس لیگا کے مساوی جاری ایک اور اہم فٹ بال ٹورنامنٹ’ جرمن کپ‘ کے سیمی فائنل منگل اور بدھ کو کھیلے جائیں گے۔ منگل کو پہلا سیمی فائنل بریمن اور آگس برگ کی ٹیمیں کھیلیں گی جب کہ بدھ کا سیمی فائنل شالکے اور بائرن میونخ کے درمیان ہو گا۔ جرمن کپ کا فائنل پندرہ مئی کو برلن کے اولمپک سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید