1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: سینٹ پاؤلی نے کائزرز لاؤٹرن کو شکست دے دی

4 دسمبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے جمعے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں سینٹ پاؤلی نے کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/QPT6
تصویر: dapd

اس جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سینٹ پاؤلی کی ٹیم کائزرزلاؤٹرن کے ساتھ 17 پوائنٹس کے ساتھ برابر پہنچ گئی ہے تاہم گول اوسط کی بنیاد پر کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم اس چارٹ میں 12ویں جبکہ سینٹ پاؤلی ٹیم 13 ویں پوزیشن پر ہے۔

میچ کے 48 ویں منٹ میں کائزرزلاؤٹرن کے کھلاڑی Christian Tiffert ایک غلطی کے باعث اپنے ہی گول میں بال پہنچا بیٹھے اور اس طرح سینٹ پاؤلی کو میچ میں برتری حاصل ہوئی۔ باقی میچ میں کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم نے یہ برتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم سینٹ پاؤلی نے بہتر دفاعی کھیل کی بنا پر اپنی مخالف ٹیم کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔

Fussball Borussia Dortmund Shinji Kagawa
ڈورٹمنڈ کی ٹیم لیگ میں پہلی پوزیشن پر ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے اس 15ویں میچ ڈے میں آج چھ میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ آج کے روز کا اہم میچ مائنز اور فرینکفرٹ کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ اس میچ میں مائنز کی فتح اسے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر گرفت مضبوط بنانے اور پہلے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ سے پوائنٹس کے فرق کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

ہفتے کے روز ہونے والے دیگر مقابلوں میں میونشن گلاڈباخ کا مقابلہ ہینوور سے ہو رہا ہے جبکہ فرائی برگ کی ٹیم ہیمبرگ کے مدمقابل آ رہی ہے۔ اس کے علاوہ اشٹٹ گارٹ اور ہوفن ہائم کی ٹیمیں آمنے سامنے ہو رہی ہیں۔ ہفتے کے روز کاایک اور میچ شالکے اور بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیموں کے درمیان ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ وولفس برگ اور بریمن کی ٹیموں کے درمیان بھی آج شام مقابلہ ہو رہا ہے۔

اتوار کے روز دو میچز ہوں گے۔ ان میں کولون کا مقابلہ لیورکوزن سے جبکہ بنڈس لیگا میں اب تک پہلی پوزیشن پر براجمان ٹیم ڈورٹمنڈ کا میچ نیورمبرگ سے ہو گا۔

واضح رہے کہ ڈورٹمنڈ کی ٹیم 37 پوائنٹس کے ساتھ بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ ڈورٹمنڈ نے اب تک کھیلے گئے 14 میں سے 12 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر کی ٹیم مائنز نے اب تک کھیلے جانے والے 14 میچوں میں سے 10 میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور اس کے 30 پوائنٹس ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید