1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ بدستور سر فہرست

21 مارچ 2011

جرمن فٹ بال لیگا بنڈس لیگا میں27 ویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ڈورٹمنڈ اور نمبر دو لیور کوزن کے درمیان فاصلہ کم ہو گیا ہے۔ بنڈس لیگا کے ابھی مزید سات میچ ڈے باقی ہیں۔

https://p.dw.com/p/10d7A
تصویر: dapd

کیا لیورکوزن ڈورٹمنڈ کو پیچھے چھوڑ دے گا؟ یہ وہ سوال ہے جو بنڈس لیگا کے 27 ویں میچ ڈے کے اختتام پر فٹ بال فینز کے لبوں پر ہے۔ اس وقت لیورکوزن کے 55 پوائنٹس ہیں اور سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ کے 62 ۔ اس طرح ان دونوں کے مابین صرف سات پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔ اتوار کے روز دو میچز کھیلے گئے۔ وولفسبرگ اور شٹٹگارٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ لیور کوزن نے شالکے کو دو صفر سے شکست دی۔

Fussball Bundesliga VfB Stuttgart VfL Wolfsburg
وولفسبرگ اور شٹٹگارٹ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: picture alliance/augenklick/GES

ہفتے کے روز لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس میچ کے ابتدائی لمحات میں ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑی Mats Hummels نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو کھیل کے 89 ویں منٹ تک قائم رہی تاہم کھیل کے اختتام سے چند لمحے قبل Petar Sliskovic نے مائنز کی طرف سے گول کر کے ڈورٹمنڈ کی تقریبا یقینی جیت کو برابری میں بدل دیا۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے 62 پوائنٹس ہیں۔ ڈورٹمنڈ کے کوچ Juergen Klopp نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’آج بہت سی چیزیں ہمارے خلاف گئیں۔ ہم نے ایک پینلٹی ضائع کی اور Barrios زخمی ہوکر میدان سے باہر گیا۔‘

واضح رہے کہ کھیل کے پہلے ہاف میں ڈورٹمنڈ کے اسٹرائیکر Barrios Lucas مائنز کے گول کیپرChristian Wetklo سے ٹکرانے کے بعد زخمی ہو گئے تھے اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑ گیا تھا۔ دوسری جانب ہفتے کوکھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ میونخ کی طرف سے دوسرا اور کھیل کا فیصلہ کن گول میچ کے اختتام سے کچھ دیر قبل فرانک ریبری نےکیا۔ اس فتح کے بعد میونخ کی ٹیم لیگ میں48 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

Fußball Bundesliga 2011 27. Spieltag FC Schalke 04 Bayer Leverkusen
اس وقت لیورکوزن کے 55 پوائنٹس ہیں اور سرفہرست ٹیم ڈورٹمنڈ کے 62تصویر: dapd

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں بریمن نے نیورمبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ فرینکفرٹ اور سینٹ پاؤلی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے کامیابی ہوئی۔ ایک اور دلچسپ میچ میں ہیمبرگ نے کولون کو چھ دو سے ہرا دیا جبکہ ہینوور نے ہوفن ہائم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔27 ویں میچ ڈے کا آغاز جمعے کے روز کائزرزلاؤٹرن اور مؤنشن گلاڈباخ کے میچ سے ہوا تھا، جس میں کائزرلاؤٹرن کو ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ مؤنشن گلاڈباخ اس وقت پوائنٹس ٹیبل کی سب سے آخری ٹیم ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق / عاطف توقیر

ادارت: شامل شمس