1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ دوبارہ سرفہرست

28 نومبر 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے چودھویں میچ ڈے میں سرفہرست پوزیشن اب دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ کے پاس آ گئی ہے۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے نمبر وَن چلی آ رہی ٹیم بائرن میونخ اب تیسری پوزیشن پر ہے۔

https://p.dw.com/p/13Ht6
تصویر: dapd

بنڈس لیگا کے چودھویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو ڈورٹمنڈ نے شالکے کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ یوں اس کے پوائنٹس انتیس ہو گئے اور گول اوسط کی بنیاد پر اس نے جمعے کو نمبر وَن پوزیشن پر پہچنے والی ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کو ایک قدم پیچھے دھکیلتے ہوئے اس کی جگہ لے لی۔

مؤنشن گلاڈ باخ کے پوائنٹس بھی انتیس ہیں۔ اس میچ ڈے کے آغاز پر یہ پوزیشن بائرن میونخ کو حاصل تھی، جو دراصل گزشتہ کئی ہفتوں سے نمبر وَن رہی ہے۔

مؤنشن گلاڈ باخ کے بعد اس پوزیشن پر ڈورٹمنڈ کی گرفت بھی مضبوط نہیں ہے۔ بائرن میونخ اتوار کو اس ہفتے کا اپنا میچ مائنز کے خلا ف کھیلے گی۔ یہ میچ ڈرا ہونے پر بھی بہتر گول اوسط کی بنیاد پر میونخ کی ٹیم ایک مرتبہ پھر اوّل نمبر بن سکتی ہے۔ اس وقت اس کے پوائنٹس اٹھائیس ہیں۔

ہفتے کے دیگر مقابلوں میں نیوریمبرگ نے کائزرزلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔ ہوفن ہائیم اور فرائی برگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ آؤگس برگ نے وولف برگ کو دو صفر سے مات دی۔ ہیرتھا برلن اور لیور کوزن کا مقابلہ تین تین گول سے برابر رہا۔ ہینوور اور ہیمبرگ کا میچ بھی ڈرا ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

Fußball Bundesliga 14 Spieltag 1 FC Köln Borussia Mönchengladbach Rheinenergie-Stadion in Köln
اس ہفتے مؤنشن گلاڈ باخ ذرا دیر کے لیے نمبر وَن کی پوزیشن پر پہنچیتصویر: dapd

قبل ازیں جمعے کو اس میچ ڈے کے آغاز پر کھیلے گئے واحد میچ میں مؤنشن گلاڈ باخ نے کولون کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ یوں وہ کچھ دیر کے لیے اوّل نمبر ٹیم رہی۔ تاہم وہ ہفتے کو دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

اتوار کو چودھویں میچ ڈے کے دو آخری مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ بریمن اور اشٹٹ گارٹ کے درمیان ہو گا۔ دوسرے میچ میں ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہی میچ اس ہفتے کے لیے اوّل نمبر ٹیم کا تعین کرے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں