1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، ڈورٹمنڈ مائنز کو پچھاڑ نہ سکی

20 مارچ 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 27 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز لیگ کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/10coj
تصویر: dapd

اس میچ کے بعد لیگ میں ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس کی برتری دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن سے 10 کی ہوگئی ہے۔ اس میچ کے ابتدائی لمحات میں ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑی Mats Hummels نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو کھیل کے 89 ویں منٹ تک قائم رہی تاہم کھیل کے اختتام سے چند لمحے قبل Petar Sliskovic نے مائنز کی طرف سے گول کر کے ڈورٹمنڈ کی تقریبا یقینی جیت کو برابری میں بدل دیا۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے 62 پوائنٹس ہیں۔ ڈورٹمنڈ کے کوچ Juergen Klopp نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’آج بہت سی چیزیں ہمارے خلاف گئیں۔ ہم نے ایک پینلٹی ضائع کی اور Barrios زخمی ہوکر میدان سے باہر گیا۔‘

واضح رہے کہ کھیل کے پہلے ہاف میں ڈورٹمنڈ کے اسٹرائیکر Barrios Lucas مائنز کے گول کیپر Christian Wetklo سے ٹکرانے کے بعد زخمی ہو گئے تھے اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑ گیا تھا۔

Fußball Bundesliga 27. Spieltag SC Freiburg - FC Bayern München im Badenova-Stadion Freiburg NO FLASH
بائرن میونخ اور فرائی برگ کے میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری جانب ہفتے کوکھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ میونخ کی طرف سے دوسرا اور کھیل کا فیصلہ کن گول میچ کے اختتام سے کچھ دیر قبل فرانک ریبری نےکیا۔ اس فتح کے بعد میونخ کی ٹیم لیگ میں48 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں بریمن نے نیورمبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ فرینکفرٹ اور سینٹ پاؤلی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دوگول سے کامیابی ہوئی۔ ایک اور دلچسپ اور دھواں دھار میچ میں ہیمبرگ نےکولون کو چھ دو سے ہرا دیا جبکہ ہینوور نے ہوفن ہائم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

آج اتوار کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ لیورکوزن کا میچ شالکے کے ساتھ جبکہ شٹٹ گارٹ کا مقابلہ وولفس برگ سے ہوگا۔ لیورکوزن یہ میچ جیت کر ڈورٹمنڈ کے ساتھ اپنے پوائنٹس کے فرق کو کم کر سکتی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں