1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ کی پہلی پوزیشن برقرار

10 اپریل 2011

انتیسویں میچ ڈے کے دوسرے روز بنڈس لیگا میں پہلی پوزیشن کی حامل ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنا میچ برابری پر ختم کیا۔ اس کو ایک پوائنٹ تو ضرور ملا لیکن دو قیمتی پوائنٹس ضائع بھی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/10qjC
تصویر: dapd

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل کی ساتویں پوزیشن کی ٹیم ہیمبرگ نے ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابرکر دیا۔ میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم نے خاصا متوازن کھیل پیش کیا اور ڈورٹمنڈ کے فارورڈ کو روکے رکھا۔ اس میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم وقفے پر ایک گول سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم ایک گول نکالنے میں کامیاب ہوئی۔ اس طرح دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ سے نوازا گیا۔ ایک پوائنٹ کے ساتھ ڈورٹمند کے کل پوائنٹس 66 ہوگئے ہیں۔ اس میچ کے بعد بھی ڈورٹمنڈ بدستور پہلے مقام پر براجمان ہے۔

جرمن فٹ بال مبصرین کا خیال ہے کہ پچھلے کچھ ہفتوں سے ڈورٹمنڈ کی ٹیم قدرے تھکی تھکی سے لگتی ہے اور اس باعث اس کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ اگر ایسا ہی رہا تو اگلے پانچ میچ ڈیز کے دوران لیورکوزن برتری لے سکتی ہے۔

Fussball 1. Bundesliga Saison 2010 11 FC St. Pauli Bayer 04 Leverkusen Flash-Galerie
سینٹ پاؤلی اور بائر لیور کوزن کے مابین میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/HOCH ZWEI

دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے بھی اپنا میچ نیورمبرگ کے خلاف ایک ایک گول سے برابر کیا۔ وقفے پر دفاعی چیمپیئن ٹیم ایک گول سے جیت رہی تھی۔ اس طرح یہ میچ برابر رکھنے پر اس کی پوائنٹس ٹیبل پر تنزلی واقع ہو گئی ہے۔ اب وہ چوتھے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اس کی وجہ ہینوور کلب کی جیت ہے۔

دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم لیور کوزن کا میچ آج اتوار کو کھیلا جائے گا۔ لیورکوزن اگر اپنا میچ جیت گئی تو وہ ڈورٹمنڈ کے ساتھ اپنے پوائنٹس کے فرق کو مزید کم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اس وقت اس کے پوائنٹس کی تعداد58 ہے۔

شالکے اور وولفس برگ کا میچ خاصا زور دار تھا۔ وقفے تک یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف کے اختتام پر وولفس برگ کی ٹیم کو ایک گول سے شکست کھانا پڑی۔ وولفس برگ کی ٹیم ابھی بھی درجہ دوم میں تنزلی کی دہلیز پر کھڑی ہے۔ اس طرح اس میچ میں ایک طرح سے کوچ میگاتھ فیلکس کو قدرے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

ہفتہ کے روز کھیلے گئے دوسرے میچوں میں فرائی برگ کی ٹیم نے ہوفن ہائیم کو ہرایا اور اشٹٹ گارٹ کو کائزرزلاؤٹرن پر فتح حاصل ہوئی۔

اتوار کے روز کل دو میچ شیڈیول ہیں۔ ان میں ایک لیورکوزن کا سینٹ پاؤلی کے خلاف ہے اور دوسرا میچ مؤنشن گلاڈ باخ کا کولون کی ٹیم سے ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں