1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: کولون اور مائنز کا میچ برابر

14 دسمبر 2011

بنڈس لیگا کے سلسلے میں منگل کو کولون اور مائنز کے مابین کھیلے گئے ایک میچ میں کولون کے لوکاس پوڈولسکی نے کھیلے کے اواخر میں گول کر کے یہ میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔

https://p.dw.com/p/13SEl
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی لوکاس پوڈولسکیتصویر: dapd

یہ میچ بنڈس لیگا کے تیرہویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن یعنی بیس نومبر کو کھیلا جانا تھا۔ تاہم اس میچ کے ریفری کی طرف سے کھیل کے آغاز سے قبل خودکشی کی کوشش کے بعد اس میچ کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔ تاخیر کے بعد منگل کو کھیلے گئے اس میچ میں کولون اور مائنز کی ٹیموں نے ایک ایک گول کیا اور یوں یہ میچ برابر ہو گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر دسویں نمبر پر براجمان کولون کی ٹیم اس میچ میں فیورٹ خیال کی جا رہی تھی تاہم لیگ ٹیبل پر بارہویں نمبر کی ٹیم مائنز نے اسے کڑا وقت دیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم کوئی بھی اس میں کامیاب نہ ہوسکا۔

کولون کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا پہلا گول مہمان ٹیم نے 70ویں منٹ میں کیا۔ کولون کے گول کیپر Michael Rensing ، مائنز کے اسٹرائیکر Sami Allagui کی طرف سے کیے گئے اس عمدہ گول کو نہ روک سکے۔ اس گول کے بعد کولون کی نمائندگی کرنے والے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی لوکاس پوڈولسکی حرکت میں دیکھے گئے اور انہوں نے مائنز کے گول پر حملے کرنا شروع کر دیے تاہم مائنز کے گول کیپر کرسٹیان ویٹکلو نے عمدہ گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا اور لوکاس پوڈولسکی کا راستہ روکے رکھا۔

Flash-Galerie 1. Bundesliga, Saison 2011/2012, 11. Spieltag, 1. FC Köln FC Augsburg
بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں پوڈولسکی کا یہ 14 واں انفرادی گول تھاتصویر: dapd

تاہم جب کھیل ختم ہونے میں صرف پانچ منٹ رہ گئے تو لوکاس پوڈولسکی نے مائنز کے گول پر ایک اور حملہ کیا اور اس بار کوئی بھی اس شاٹ کو نہ روک سکا اور فٹ بال سیدھا گول پوسٹ میں داخل ہو گیا۔ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں پوڈولسکی کا یہ 14 واں انفرادی گول تھا۔ پوڈولسکی نے اس سیزن میں پندرہ میچ کھیلے ہیں۔

اس میچ کے برابر ہونے کے بعد کولون کے مجموعی پوائنٹس اکیس ہو گئے ہیں جبکہ مائنز کےاٹھارہ۔ بنڈس لیگا کے سولہ میچ ڈے مکمل ہو چکے ہیں۔ ابھی تک بائرن میونخ چونتیس پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ اور شالکے کی ٹیموں کے پوائنٹس اکتیس اکتیس ہیں تاہم اچھی گول اوسط کی بنیاد پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں