1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، کولون نے ہینوور کو شکست دے دی

17 اکتوبر 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے اتوار کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں کولون کی طرف سے لوکاس پوڈولسکی نے دو گول کر کے ہینوور کو شکست سے دوچار کر دیا۔

https://p.dw.com/p/12t60
تصویر: dapd

کولون کی جانب سے پوڈولسکی نے پہلا گول کھیل کے 24 ویں منٹ میں کیا جبکہ انہوں نے ہی دوسرا گول کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل کیا۔

کھیل کے 71 ویں منٹ میں ہینوور کی ٹیم بھی گول کرنے میں کامیاب ہوئی، تاہم Didier Ya Konan کے آف سائڈ قرار دیے جانے کی وجہ سے ہینوور کو یہ گول مل نہ سکا۔ کیمرے کی آنکھ سے واضح ہوا کہ یہ واقعی جائز گول تھا۔

کھیل کے 84 ویں منٹ میں ہینوور کی جانب سے گول کی جانب لگائی جانے والے ایک کک کولون کے کھلاڑی کرسٹیان پانڈیر کے بازو سے ٹکرا کر رک گئی اور اس پر پنلٹی کے لیے کی جانے والی اپیل بھی ریفری یوآخن ڈریز نے رد کر دی۔ میچ کے بعد ہینوور کے کوچ نے ریفری پر تنقید بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ گول دے دیا جاتا، تو میچ کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

Fußball Bundesliga Bayern München - Hertha BSC Berlin
بائرن میونخ بدستور پہلی پوزیشن پر ہےتصویر: dapd

اس شکست کی وجہ سے ہینوور نے بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آنے کا ایک اچھا موقع ضائع کر دیا ہے۔ اگر ہینوور کی ٹیم اس میچ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی، تو اس کے اور لیگ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست بائرن میونخ کے درمیان پوائنٹس کا فرق صرف چار کا رہ جاتا۔ اس وقت دوسرے نمبر پر مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم ہے، جو میونخ سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے۔

اس سے قبل اتوار ہی کو کھیلے گیے ایک میچ میں ہیمبرگ نے فرائی برگ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی تھی۔ ہیمبرگ کی طرف سے پہلا گول جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی Son Heung-min نے کھیل کے 12 ویں منٹ میں کیا۔ ہیمبرگ کی یہ برتری کھیل کے 47 ویں منٹ میں فرائی برگ کی طرف سے اولیور باؤمن نے ختم کی۔ تاہم میچ کے 73 ویں منٹ میں ہیمبرگ کی طرف سے متبادل کھلاڑی Ivo Ilicevic نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔

نویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ کی ٹیم 22 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، مؤنشن گلاڈباخ  17 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ ڈورٹمنڈ 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ شٹٹ گارٹ اور بریمن کی ٹیموں کے بھی 16، 16 پوائنٹس ہیں تاہم گول اوسط کی بنیاد پر وہ چوتھی اور پانچویں پوزیشنوں پر ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید