1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: گیارہواں میچ ڈے مکمل

Abid Hussain Qureshi8 نومبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے گیارہویں میچ ڈے کی تکمیل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی پوزیشن کو مزید استحکام دے دیا ہے۔ اس پوزیشن پر وہ گزشتہ میچ ڈے کے دوران براجمان ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/Q18s
ڈورٹمنڈ اور ہینوور کے میچ کا منظرتصویر: dapd

دسویں میچ ڈے کی تکمیل پر ڈورٹمنڈ اور مائنز کلبوں کے درمیان پہلی اور دوسری پوزیشن کا فرق صرف ایک پوائنٹ کا تھا۔ اس ہفتہ کے دوران ڈورٹمنڈ نے اپنا میچ جیت کر مزید تین پوائنٹ حاصل کئے اور مائنز کلب کو فرائی برگ کی ٹیم کے ہاتھوں ایک گول سے شکست اٹھانا پڑی۔ اس ہار سے وہ تین پوائنٹس سے بھی محروم ہوئی۔ مائنز کلب کے پوائنٹس کی تعداد چوبیس ہے۔

سات تاریخ یعنی اتوار کے روز کھیلے جانے والے تین میچوں میں بڑے سکور دیکھنے میں آئے۔ پہلی پوزیشن کی ٹیم ڈورٹمنڈ نے اپنی مخالف ٹیم ہینوور کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ ایک اور میچ کائزرزلاؤٹرن اور لیور کوزن کی ٹیموں کے درمیان تھا۔ اس میچ میں لیور کوزن کی جانب سے تین گول کئے گئے۔ گیارہویں میچ ڈے کا آخری میچ بریمن اور شٹٹ گارٹ کے درمیان تھا۔ بریمن کی ٹیم یہ میچ نصف درجن گولوں سے ہاری۔

پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم بدستور پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس پوزیشن کو کم از کم اگلے میچ ڈے پر بھی کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو گا۔ دوسرے مقام پر مائنز کی ٹیم ہے اور اس کی دوسری پوزیشن کو بھی خطرات درپیش ہیں۔ اگلے میچ ڈے پر لیور کوزن کی ٹیم جیتنے کی صورت میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر دوسری پوزیشن پر پہنچ سکتی ہے۔ گیارہویں میچ ڈے کی تکمیل پر لیورکوزن تیسرے مقام پر ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد اکیس ہے۔

Fussball, 1. Bundesliga, Saison 2010/2011, 11. Spieltag, Bayer 04 Leverkusen - 1. FC Kaiserslautern,
کائزرزلاؤٹرن اور لیورکوزن کا میچتصویر: AP

ہوفن ہائیم کی ٹیم پانچویں پوزیشن پر ہے۔ اب تک کے کھیلے گئے میچ ڈیز کے دوران ہوفن ہائیم کلب مسلسل چوتھے اور ساتویں مقام کے دوران گردش کر رہا ہے۔ دفاعی چیمپئن بائرن میونخ کی پوزیشن نویں ہے۔ میونخ کی پوزیشن میں بہتری ہوئی ہے۔ اس سے قبل وہ مسلسل دسویں مقام سے نیچے تھی۔

شالکے کی ٹیم نے گیارہویں میچ ڈے کے دوران اپنا میچ جیت کر سولہویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ششٹ گارٹ کا کلب چودہویں مقام پر ہے۔ بارہویں میچ ڈے کی شروعات بارہ نومبر کو ہوں گی اور پہلے روز ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کو ہیمبرگ کی مضبوط ٹیم کا سامنا ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں