1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہوفن ہائیم کی ٹیم پہلے نمبر پر آگئی

22 فروری 2009

ہفتے کے دن جرمنی میں وفاقی فٹ بال لیگ یعنی بنڈس لیگا مقابلوں کے اکیسویں دن سات میچ کھیلے گئے ۔ بنڈ س لیگا کے اکیسویں دن کے مقابلوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کافی تبدلیاں رونما ہوئیں۔

https://p.dw.com/p/GytK
ہوفن ہائیم ٹیم کے کھلاڑی Demba Ba شُٹٹ گارٹ کے گول کیپر Jens Lehmannکوچکما دے گر گول کرتے ہوئےتصویر: AP

بنڈس لیگا مقابلوں کے اکیسویں دن کے مقابلوں میں برلن کی ٹیم ایک اہم میچ میں وولفس بُرگ کی ٹیم سے دو کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی اس طرح برلن کی ٹیم جو پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر تھی اب دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ جبکہ ہوفن ہائیم کی ٹیم شُٹٹ گارٹ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک میچ کو تین تین گول سے برابر کرکے چالیس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آن کھڑی ہوئی ہے۔ اگرچہ برلن ٹیم کے بھی چالیس پوائنٹس ہیں تاہم ہوفن ہائیم کی ٹیم اپنی اچھی گول اوسط کی بنیاد پر پہلے نمبر پر آئی۔

ہفتے کے دن بنڈس لیگا مقابلوں میں کھیلے جانے والے میچوں میں ایک اہم میچ کلون اور میونخ کے ٹیموں کے مابین بھی تھا۔ اس میچ میں کلون کی ٹیم نے حیرت انگیز طور پر دفاعی چمپیئن میونخ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے ہرا دیا۔ اور اس طرح میونخ کی ٹیم اپنے تین اہم پوائنٹس کھونے کی وجہ سے چوتھے نمبر پر آگئی۔ اگر میونخ کی ٹیم یہ میچ جیت جاتی تو وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آجاتی۔

VfL Wolfsburg Hertha BSC Berlin
وولفس بُرگ کے کھلاڑی Edin Dzeko برلن کے خلاف انفرادی طور پر دوسرا گول کرتے ہوئےتصویر: AP

بنڈس لیگا فٹبال مقابلوں میں کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں بریمن کی ٹیم کوٹبُس سے ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست کا شکار ہوئی۔ اور اس طرح بریمن کی ٹیم گیارہویں نمبر پر چلی گئی اور کوٹُبس کی ٹیم چودہویں نمبر پر آگئی۔

مئیونشن گلاڈباخ کی ٹیم نے اگرچہ ہنوور کو تین دو سے ہرا دیا لیکن مئیونشن گلاڈباخ پوائنٹس ٹبیل میں اب بھی آخری یعنی اٹھارویں نمبر پر ہی ہے تاہم ہنورو کی ٹیم اس شکست کے بعد تیرہویں نمبر پر آگئی۔

ایک اور میچ میں کارلسرُوہے کی ٹیم فرینکفرٹ سے ایک کے مقابلے میں صفر سے ہار گئی اور فرینکفرٹ پوائنٹس ٹیبل میں بارہویں نمبر پر آگئی جبکہ کارلسرُوہے کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی گزشتہ پوزیشن یعنی سترہویں نمبر پر ہی رہی۔

بیلے فَیلڈ اور بوخُم کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ تاہم دونوں ہی ٹیمیں بالترتیب انیس اور اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ پندرہویں اور سہولویں نمبر پر آگئیں۔

اتوار کے دن بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر کی ٹیم یعنی ہیمبرگ ایک اہم میچ میں لیور کُوزن کے مد مقابل ہو گی۔ لیورکُوزن اس وقت ان فٹ بال مقابلوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔