1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈیس لیگا سیزن ختم، چیمپیئن پھر بائرن میونخ

8 مئی 2010

جرمنی میں بنڈیس لیگا کہلانے والی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کا موجودہ سیزن ہفتے کی شام اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ چیمپیئن ایک بار پھر بائرن میونخ کی ٹیم بنی ہے، جو یہ اعزاز اتنی مرتبہ جیت چکی ہے کہ وہ بذات خود ایک ریکارڈ ہے۔

https://p.dw.com/p/NJVn
بائرن میونخ کے کھلاڑی 22ویں مرتبہ بنڈیس لیگا ٹرافی جیتنے کے بعدتصویر: AP

بنڈیس لیگا کا ایک میچ ڈے عموما تین دنوں پر محیط ہوتا ہے، جو جمعے کی شام سے لے کر اتوار کی رات تک جاری رہتا ہے۔ لیکن آج ہفتے کو بنڈیس لیگا کا 34 واں یعنی آخری میچ ڈے صرف ایک ہی دن میں مکمل ہو گیا، کیونکہ ان مقابلوں میں شامل کل 18 ٹیموں کے درمیان ہونے والے تمام نو میچ ایک ہی دن کھیلے گئے۔

Bundesliga letzter Spieltag
ایک دوسرے کو گلے ملتے بائرن میونخ کے کھلاڑی اور سر جھکائے میدان سے باہر جانے والا ہیرتھا برلن کا ایک فارورڈ پلیئرتصویر: AP

بائرن میونخ کی ٹیم، جس کی اس کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد کے حوالے سے موجودہ سیزن میں حتمی کامیابی 33 ویں میچ ڈے کے اختتام پر ہی یقینی ہو گئی تھی، آج اپنا آخری میچ بھی آسانی سے جیت گئی اور یوں باقاعدہ طور پر بنڈیس لیگا کے دوہزار نو، دوہزار دس کے سیزن کی چیمپیئن ٹھہری۔

جرمنی میں فٹ بال کی فرسٹ بنڈیس لیگا کے دوہزار نو، دوہزار دس کے سیزن میں بائرن میونخ کے بعد مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر شالکے کی ٹیم رہی جبکہ تیسری پوزیشن بریمن نے حاصل کی۔ اس سیزن میں سب سے بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جو دوٹیمیں لازمی طور پر اگلے سیزن میں فرسٹ بنڈیس لیگا کے بجائے سیکنڈ بنڈیس لیگا کھیلیں گی، ان میں سے ایک برلن میں ہیرتھا کلب کی ٹیم ہو گی اور دوسری بوخم کی۔

بائرن میونخ نے بنڈیس لیگا کے موجودہ سیزن کی جو جرمن قومی چیمپئین شپ ہفتے کی شام باقاعدہ طور پر جیتی، وہ اس کلب کی طرف سے جیتا جانےو الا مجموعی طور پر 22 واں فرسٹ بنڈیس لیگا ٹائٹل ہے۔ ہفتے کے روز بائرن میونخ نے سیزن کا اپنا جو آخری میچ کھیلا وہ برلن کے اولمپک سٹیڈیم میں ہیرتھا برلن کے خلاف کھیلا جانے والا میچ تھا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے سٹیڈیم میں 75 ہزار شائقین موجود تھے۔ یہ مقابلہ بھی بائرن کی ٹیم نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا اور ہیرتھا برلن کی اس ٹیم کے لئے فرسٹ بنڈیس لیگا کا یہ میچ بھی ایک بڑی شکست کے ساتھ ختم ہوا، جس کے بارے میں یہ بات چند ہفتے پہلے ہی سے واضح ہو گئی تھی کہ یہ ٹیم بنڈیس لیگا کا اگلا سیزن فرسٹ کے بجائے سیکنڈ ڈویژن میں کھیلے گی۔

Flash-Galerie Bundesliga letzter Spieltag
اگلے سیزن میں سیکنڈ ڈویژن بنڈیس لیگا کھیلنے پر مجبور بوخم کی ٹیم کے دو مایوس کھلاڑیتصویر: AP

امسالہ بنڈیس لیگا سیزن میں اٹھارہ ٹیموں کے مابین ہونے والے کل 306 میچوں میں مجموعی طور پر 866 گول کئے گئے۔ جس ایک کھلاڑی نے پورے سیزن میں اکیلے سب سے زیادہ گول کئے وہ وولفسبرگ کی ٹیم کے ایدین ذیکو ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم وولفسبرگ کی طرف سے بنڈیس لیگا کی باقی سترہ ٹیموں کے خلاف کل 34 میچوں میں مجموعی طور پر 22 گول سکور کئے۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف توقیر