1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈیس لیگا: چیمپیئن تقریبا یقینی طور پر بائرن میونخ

2 مئی 2010

جرمنی میں فٹ بال کے فیڈرل لیگ کہلانے والے بنڈیس لیگا مقابلوں میں جنوبی صوبے باویریا کی کلب بائرن میونخ کا امسالہ چیمپیئن شپ جیت لینا تقریبا یقینی ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NCQL
بائرن میونخ کے کھلاڑیتصویر: AP

ہفتہ کو ان مقابلوں کے 33 ویں میچ ڈے کے دوران بائرن میونخ کی ٹیم نے بوخم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری اور بھی مضبوط کر لی۔ اس کے برعکس اب تک پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کے برابر پوائنٹس کی حامل لیکن گولوں کے فرق کی وجہ سے مجموعی درجہ بندی میں دوسرے نمبر کی ٹیم شالکے ہفتہ کی شام اپنے ہوم گراؤنڈ پر بریمن کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی۔ یوں بائرن میونخ کی ٹیم اب شالکے سے تین پوائنٹس آگے ہے۔

اس کے علاوہ ہفتہ ہی کے روز برلن کی ٹیم کا لیورکوزن کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں کم از کم یہ بات قبل از وقت ہی طے ہو گئی ہے کہ برلن کی ٹیم موجودہ سیزن کے اختتام پر اول درجے کی بنڈیس لیگا سے لازمی طور پر خارج ہو جائے گی، اور اسے اگلا سیزن دوسرے درجے کی بنڈیس لیگا میں کھیلنا پڑے گا۔

Bundesliga Spieltag 33 Schalke 04 Fans Flash-Galerie
شائقین شالکے کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیںتصویر: AP

ہفتہ کو بنڈیس لیگا کے جو دیگر میچ کھیلے گئے، ان میں سے شٹٹ گارٹ اور مائنس کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ ہیمبرگ کی ٹیم نے نیورن بیرگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی جبکہ فرینکفرٹ اور ہوفن ہائم کا میچ فرینکفرٹ کی ٹیم ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی۔

بنڈیس لیگا کے عام طور پر جمعہ کو شروع ہو کر اتوار تک جاری رہنے والے کسی بھی میچ ڈے کے مقابلے تین روز میں مکمل ہوتے ہیں، مگر ان تینوں دنوں کو ایک ہی میچ ڈے گنا جاتا ہے۔ تینتیسویں میچ ڈے کے ہفتہ کو جو باقی تین میچ کھیلے گئے، ان میں سے کولون اور فرائی برگ کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا جبکہ ڈورٹمنڈ اور وولفسبرگ کا میچ بھی ایک ایک گول سے بےنتیجہ رہا۔ موجودہ ویک اینڈ پر اب تک جس ایک میچ میں کسی ٹیم نے سب سے زیادہ گول کئے، وہ ہنوور کا مؤنشن گلاڈباخ کے ساتھ میچ تھا۔ یہ میچ ہنوور نے ایک کے مقابلے میں چھ گول کے متاثر کن فرق سے جیت لیا۔

جرمنی میں اول درجے کی بنڈیس لیگا میں ہر سال کل اٹھارہ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ ان میں سے سیزن کے اختتام تک سب سے بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی تین ٹیمیں فرسٹ ڈویژن فیڈرل لیگ سے خارج ہو کر سیکنڈ ڈویژن فیڈرل لیگ میں چلی جاتی ہیں، اور ان کی جگہ لینے کے لئے سیکنڈ ڈویژن کی تین بہترین ٹیموں کو فرسٹ ڈویژن میں شامل کر لیا جاتا ہے۔

Bundesliga Spieltag 33 Leverkusen - Berlin Flash-Galerie
لیورکوزن اور برلن کے کھلاڑیتصویر: AP

اوّل درجے کی بنڈیس لیگا کے کسی بھی سیزن میں اٹھارہ میں سے ہر ٹیم کو باقی ماندہ سترہ ٹیموں میں سے ہر کسی کے ساتھ دو دومیچ کھیلنا ہوتے ہیں۔ یوں جرمن بنڈیس لیگا کا ہر سیزن مجموعی طور پر کھیل کے 34 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ مئی کا پہلا ویک اینڈ سیزن کا 33 واں میچ ڈے ہے جس کے بعد آئندہ ویک اینڈ پر 34 ویں اور آخری میچ ڈے کے ساتھ ہی جرمنی میں فٹ بال کی قومی چیمپیئن شپ کا فیصلہ بھی ہو جائے گا اور موجودہ سیزن بھی ختم ہو جائے گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں