بنکاک میں حالات بدستور کشیدہ
1 دسمبر 2008تاہم اپوزیشن جماعت ’’پیپلز ایلائنس فار ڈیموکریسی‘‘ کے رہنماٴوں نےکہا کہ انہوں نے ملکی وزیر اعظم کے دفتر کے باہر اپنے دھرنے کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر فی الحال ختم کردیا ہے۔ ابھی حال ہی میں اپوزیشن کے حامیوں پر ایک گرینیڈ حملے میں دو مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ دریں اثناء بینکاک میں ابھی بھی غیر معمولی نوعیت کے مُظاہروں کے باعث ہزاروں غیر ملکی سیاحوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مظاہرین نے چند خالی جہازوں کی اُڑان کی اجازت دے دی۔
دنیا کے مختلف ممالک بینکاک سے غیر ملکی سیاحوں کو باہر نکالنے کے لئے وہاں ایمرجنسی پروازیں روانہ کررہے ہیں۔ تھائی لینڈ میں مظاہرین ملکی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ وزیر اعظم سومچائے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے لئے بالکل تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔
اس سے قبل اطلاع تھی کہ بنکاک کے دونوں ہوائی اڈوں کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے تھائی پولیس اورمظاہرین کے مابین مذاکرات شروع ہوگئے ہیں تاہم عوامی اتحاد برائے جمہوریت PAD کے ایک ترجمان نے پولیس کے ساتھ ہوائی اڈوں کا محاصرہ ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کی خبروں کومسترد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محاصرہ صرف حکومت کے مستعفی ہونے کے ساتھ ہی ختم ہو گا۔
دوسری جانب تھائی وزیراعظم سومچائے وونگسوات کے حامیوں نے بنکاک میں حکومت کے حق میں مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پروازیں معطل ہونے کے بعد بنکاک میں اس وقت کوئی ایک لاکھ غیر ملکی سیاح اورکاروباری افراد پھنسے ہوئے ہیں۔