1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم کی بس کے قریب دھماکے

11 اپریل 2017

جرمن فٹ بال کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم کی بس کے قریب دھماکےکے نتیجے میں ایک کھلاڑی زخمی ہو گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد ڈورٹمنڈ میں منعقدہ چیمپیئنز لیگ کا کوارٹر فائنل میچ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2b5Ev
Explosion am BVB Bus (Sascha P.)
تصویر: Privat

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم کی بس تین دھماکوں کا نشانہ اُس وقت بنی جب یہ ٹیم موناکو کے ساتھ ہونے والے میچ کے لیے اسٹیڈیم جا رہی تھی۔

 فٹ بال کی چیمپیئنز لیگ کا کوارٹر فائنل میچ ڈورٹمنڈ میں آج شام کھیلا جانا تھا۔ بوروسیا ڈورٹمنڈ ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو ہانس یوآخم واٹزکے نے تصدیق کر دی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ٹیم کے دفاعی کھلاڑی مارک بارٹرا زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہسپانوی کھلاڑی بارٹرا کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔

Fußball Bundesliga Borussia Dortmund - FC Ingolstadt 04 Marc Bartra
اطلاعات کے مطابق ہسپانوی کھلاڑی بارٹرا کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہےتصویر: picture-alliance

بوروسیا ڈورٹمنڈ کلب کی طرف سے جاری ہونے والے ایک ٹوئٹر پیغام کے مطابق اس واقعے کے بعد آج منگل 11 اپریل کو ہونے والا میچ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب یہ میچ کل بدھ  کی شام کھیلا جائے گا۔ کلب کے مطابق میچ کے ٹکٹ اب کل استعمال کیے جا سکیں گے۔

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی پولیس کے ترجمان گُنار ورٹمان نے خبر رس‍اں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ٹیم کی بس جیسے ہی ہوٹل سے روانہ ہوئی اس کے قریب تین دھماکے ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ان دھماکوں کے نتیجے میں بس کا شیشہ ٹوٹنے کے سبب ایک کھلاڑی زخمی ہوا۔

Explosion am BVB Bus
اس واقعے کے بعد ٹیم کو واپس ہوٹل پہنچا دیا گیاتصویر: picture-alliance/AA/I. Fassbender

بوروسیا ڈورٹمنڈ کلب کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی مارک بارٹرا اب ’’محفوظ ہیں‘‘ اور اسٹیڈیم یا اس کے اطراف میں کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شام کے سات بجے کے قریب یہ دھماکے اسٹیڈیم سے قریب 10 کلومیٹر کی دوری پر اُس وقت ہوئے جب بوروسیا ڈورٹمنڈ کلب کی بس وہاں سے گزر رہی تھی۔ اس واقعے کے بعد ٹیم کو واپس ہوٹل پہنچا دیا گیا۔