1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بوم بوم نے دمبولا میں دھوم مچادی

22 جون 2010

ایشیا کپ سے باہر ہونے والی ٹیم پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنے آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 139 رنز سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ کپتان شاہد آفریدی نے محض ساٹھ گیندوں پر 124رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/NzYb
تصویر: AP

سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو بالکل صحیح ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 385 رنز سکور کئے۔ ون ڈے میچوں میں پاکستان کی طرف سے کسی بھی ٹیم کے خلاف یہ سب سے بڑا سکور ہے۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ پچاس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر محض 246 رنز ہی بنا سکی۔

Pakistan cricketers Akhtar and Asif
محمد آصف اور شعیب اختر نے ایک ایک وکٹ لیتصویر: AP

پاکستانی سلیکٹرز نے لیگ کے اپنے آخری میچ میں شعیب ملک، سلمان بٹ، سعید اجمل اور محمد عامر جیسے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا تاکہ اسد شفیق، عمر امین اور شاہ زیب حسن جیسے نئے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا رہا۔ افتتاحی بیٹسمین شاہ زیب حسن اور عمران فرحت نے شراکت میں اکیاسی رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ مڈل آرڈر میں عمر امین نے بائیس جبکہ اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے اسد شفیق نے سترہ رنز بنائے۔ بعد ازاں عمر اکمل نے نصف سنچری جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے شاندار سنچری بنائی۔

بنگلہ دیش کے تمام ہی بولرز پاکستانی کپتان کے آگے بے بس نظر آئے۔ بوم بوم آفریدی کی اننگز میں سترہ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ اسی میچ کے دوران شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے سری لنکن بیٹسمین جے سوریہ کا قائم کیا ہوا ریکارڈ عبور کیا۔ اب ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں آفریدی 272 چھکوں کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ ایشیا کپ کے پہلے میچ میں آفریدی نے سری لنکا کے خلاف بھی سنچری بنائی تھی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے بولر شفیع الاسلام نے پچانوے رنز کے عوض تین جبکہ کپتان ثاقب الحسن نے تہتر رنز دے کر دو کھلاڑوں کو آوٴٹ کیا۔

Cricket, Bangladesh, Zimbabwe
بنگلہ دیشی بیٹسمین جنید صدیقی نے ستانوے رنز کی عمدہ اننگز کھیلیتصویر: AP

تین سو چھیاسی رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا آغاز بہت دھیما رہا۔ اوپنر امر القیس نے چوبیس گیندیں کھیلنے کے بعد اپنا کھاتہ کھولا تاہم تمیم اقبال نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا۔ اقبال چونتیس رنز بناکر محمد آصف کا شکار بنے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے امر القیس چھیاسٹھ اور جنید صدیقی ستانوے رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد آصف، شعیب اختر، عمران فرحت اور آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں تاہم فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان منگل کو سری لنکن شہر دمبولا میں ایک لیگ میچ کھیلا جارہا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل چوبیس جون کو انہی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں