1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بونیر: طالبان نے پیر بابا کے مزار کو تالا لگا دیا

فرید اللہ خان، پشاور11 اپریل 2009

طالبان نے ضلع بونیر میں صدیوں پرانی مذہبی شخصیت سید علی ترمذی المعروف پیر بابا کے مزار کوتالے لگواکر عوام کواس سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/HV0W
عوام دبے الفاظ میں انتظامیہ پر تنقید کررہے ہیں کہ وہ غیرمحسوس طریقے سے طالبان کی برتری تسلیم کرنے کی ترغیب دیتے نظرآتی ہےتصویر: AP

خودکش حملوں ، بم دھماکوں اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے بعدعسکریت پسندوں میں موجود بعض عناصر مخصوص نظریاتی اورمذہبی سوچ پھیلانے کیلئے متحرک ہوچکے ہیں مخصوص نظریے کے حامی ان لوگوں نے ضلع بونیر میں صدیوں پرانی مذہبی شخصیت سید علی ترمذی المعروف پیر بابا کے مزار کوتالے لگواکر عوام کواس سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ مزار میں صدیو ں پرانے خطوط کونذرآتش کرنے کے ساتھ کلموں سے مزین بورڈ بھی اتاردیئے گئے۔

اگرچہ گزشتہ روز بونیر پر لشکر کشی کرنے والے طالبان مذاکرات کے بعد واپس سوات چلے گئے تاہم انہوں نے مقامی طالبان کو اس طرح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ طالبان نے مزار کے آس پاس علاقوں سمیت سلطان کس اوربھٹی پر بھی قبضہ کررکھاہے۔ طالبان نے انہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے بونیر قومی لشکر کے مقامی سربراہ فتح خان کے گھر پر بھی قبضہ کیاہے جوانہوںنے کئی روز قبل خالی کیاتھا۔

Karte Taliban
تصویر: Faridullah Khan

مقامی طالبان نے لوگوں کو خبردارکیاہے کہ مزار اور اس سے ملحقہ مسجد صرف نماز کیلئے کھولےجائیں گے۔ انہوں نے خواتین کو گھروں تک محدود رہنے اور دکانداروں کو منشیات اورموسیقی کا کاروبار ترک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعات ایسے وقت میں رونماہورہے ہیں جب صوبائی حکومت تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولاناصوفی محمد کو سوات میں رہنے پرآمادہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

سرحد حکومت کے ترجمان اوروزیرا طلاعات میاں افتخارحسین نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ’’ ایسے واقعات کو روکنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات اورمعاہدے کی موجودگی میں مقدس مقامات کونشانہ بنانااور اسلحہ اٹھانا معایدےکےخلاف ورزی کے زمرے میں آتاہے۔ میاں افتخارحسین کا کہنا ہے کہ بونیر میں پیر بابا کے مزار تک جانیوالے طالبان واپس ہورہے ہیں تاہم وہ یہ ضرور کہیں گے کہ نظام عدل کے تحت قاضی عدالتیں شروع ہونے کے بعد اسلحہ اٹھانے کاکوئی جواز نہیں بنتا اور اگرانہوں نے اسلحہ اٹھایا ہے تو یہ ناجائز کیاہے۔

Pakistan Anschlag auf dem Rehman Baba Schrein in Peshawar
اس سے قبل طالبان مشہور صوفی رحمان بابا کے مزار کو بھی نقصان پہنچا کر اسے مقفّل کرچکے ہیںتصویر: AP

میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ ہم نے انہیں تنبیہ کی ہے کہ یہ معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اوراسےنظام عدل ریگولیشن پرصدر کے دستخط نہ کرنے کی راہ ہموار کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ صدر سے بھی نظام عدل ریگولیشن پردستخط کرنے کی درخواست کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ طالبان سے بھی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے کی درخواست کریں گے۔ اوراگروہ ایسا کریں گے تو حکومت پھر اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانے پرمجبور ہوگی۔


دوسری جانب تحریک طالبان کے ترجمان مسلم خان کاکہنا ہے کہ سوات کے طالبان نے مزار کا قبضہ قائدین کے حکم پر مقامی طالبان کودیاہے تاکہ وہاں سے شرک اوربدعت کے تمام نشان مٹائے جائیں۔

بونیر میں مدفون سید علی ترمذی مغل بادشاہ اکبر کے دور میں وسط ایشیاء کے علاقہ ترمذ سے بونیر آئے اوریہاں اسلام کی تبلیغ وترویح کیلئے کام شروع کیا۔

اس سارے عمل کے دوران بونیر کی مقامی انتظامیہ نے بھی لب سی لیے ہیں۔ عوام دبے الفاظ میں انتظامیہ پر تنقید کررہے ہیں کہ وہ غیرمحسوس طریقے سے طالبان کی برتری تسلیم کرنے کی ترغیب دیتے نظرآتی ہے۔