1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بون جووی:جرمنوں کے لئے اعزاز کا اجراء

28 نومبر 2009

امریکی رَوک گلوکار جون بون جووی نے سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے جرمن باشندوں کے لئے ایک اعزاز جاری کیا ہے، جو پہلی مرتبہ ابھی دسمبر کے مہینے میں دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Kjqj
تصویر: dpa

جون بون جووی نے نومبر میں دیوارِ برلن کے انہدام کی بیس ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔ اِس موقع پر جرمن باشندوں کے باہمی اظہارِ یک جہتی نے جون بون جووی کو اتنا متاثر کیا کہ اُنہوں نے غیر معمولی اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنے والے اور سماجی شعبے میں نمایاں کارنامے انجام دینے والے جرمن باشندوں کے لئے ’’سرکل آف چینج ایوارڈ‘‘ کے نام سے ایک اعزاز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

BdT Feier am Brandenburger Tor Berlin
دیوار برلن کے انہدام کا بیسواں سالانہ جشنتصویر: AP

لندن میں بون جووی کے ریکارڈ جاری کرنے والی کمپنی یونیورسل میوزک نے جمعرات چھبیس نومبر کو جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ پہلا ایسا ایوارڈ اِسی سال دسمبر کے مہینے میں کسی ایسے جرمن شہری کو دیا جائے گا، جس نے اپنی خدمات اپنے ساتھی انسانوں کے لئے وقف کی ہوں گی۔ جرمن باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ سائیٹ بون جووی ڈاٹ ڈی ای پر جا کر خود کو یا اپنی پسند کی کسی ہم وطن شخصیت کو نامزد کر سکتے ہیں۔

ایوارڈ جیتنے والے کا انتخاب خود یہ گلوکار کرے گا اور ایوارڈ جیتنے والے کو یہ ٹرافی وصول کرنے کے لئے امریکہ کے سفر کی خصوصی دعوت بھی دی جائے گی۔ ایک نجی جرمن ٹی وی چینل اِس تقریب کی کارروائی دکھائے گا۔

نومبر میں برلن میں جون بون جووی نے اپنے رَوک بینڈ کے ہمراہ اپنا تازہ ترین سنگل گیت We weren't born to follow پیش کیا تھا، جو اب ایک طرح سے آزادی کے ایک ترانے کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

Live Earth Bildgalerie USA Bon Jovi
تصویر: AP

اِس بینڈ کے سینتالیس سالہ لِیڈ گلوکار جون بون جووی نے کہا کہ اپنے اِس گیت کے ذریعے وہ استحصال کے شکار انسانوں کے جذبات کی عکاسی کرنا اور دکھانا چاہتے ہیں کہ عوام کتنے طاقتور ہوتے ہیں۔ جون بون جووی کے مطابق موسیقی سرحدیں اور زبان کی رکاوٹیں عبور کر کے انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی میں اَسی کے عشرے کےاوائل میں قائم ہونے والے اِس بینڈ کے گیتوں کے اب تک ایک سو بیس ملین سے زیادہ ریکارڈ فروخت ہو چکے ہیں۔ گزشتہ پچیس برسوں میں دنیا کے کامیاب ترین رَوک بینڈ کی حیثیت اختیار کر جانے والا یہ بینڈ دُنیا کے پچاس ممالک میں چھبیس سو کنسرٹس میں چونتیس ملین شائقین کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کر چکا ہے۔

رپورٹ امجد علی

ادارت شادی خان سیف