1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُنڈیس لیگا: برلن پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے

15 فروری 2009

جرمنی میں فٹ بال کی فیڈرل لیگ یا بُنڈیس لیگا کے موجودہ سیزن میں مقابلوں کے بیسویں روز ہفتہ کی شام کُل چھ میچ کھیلے گئے جن میں ہیرتھا برلن نے بائیرن میونخ کے خلاف اپنا میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/GuTs
جرمن فٹ بال لیگ کے میچوں میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد بھرپور شرکت کر رہی ہےتصویر: picture-alliance / dpa

یوں پوائنٹس ٹیبل پر برلن کی ٹیم اب اپنے 40 پوائنٹس کے ساتھ ہوفن ہائیم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئی ہے۔

باقی ماندہ پانچ میں سے دو میچوں میں بوخم نے شالکے کو دو ایک سے ہرا دیا جبکہ فرینکفرٹ کی ٹیم کو وولفس برگ کے خلاف صفر کے مقابلے میں دو گول سے ناکامی کا منہہ دیکھنا پڑا۔

Hanover 96 VfB Stuttgart
ہنوورکا شٹٹ گارٹ کے خلاف میچ کل چھ گول کئے جانے کے باوجود بے نتیجہ رہاتصویر: AP

ہفتہ کی شام ہونے والے باقی تینوں میچ بے نتیجہ رہے۔ ہنوور اور شٹٹ گارٹ کا مقابلہ تین تین گول سے غیر فیصلہ کن رہا، بریمن اور میئونشن گلاڈباخ کا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ کولون اور کارلسروہے کے درمیان میچ میں تو دونوں ٹیموں کی طرف سے کوئی ایک بھی گول نہ کیاجا سکا۔

Fußballspieler Andreas Beck
ہوفن ہائیم کی ٹیم کودوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگیتصویر: AP

آج اتوار کے دن بُنڈیس لیگا کے 20 ویں روز کے باقی دونوں میچوں میں سے ایک میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم کوٹبُس کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ اس ویک اینڈ کا آخری میچ ہیمبرگ اور بیلے فیلڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

جمعہ کی رات بائیر لیور کُوزن اور ہوفن ہائیم کے درمیان میچ میں ہوفن ہائیم کی ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست کے بعد مسلسل سب سے آگے چلی آرہی ہوفن ہائیم کی ٹیم کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن خطرے کا شکار ہو گئی تھی جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیرتھا برلن نے بائیرن میونخ کو دو ایک سے ہرایا تو ساتھ ہی وہ اپنے 40 پوائنٹس کے ساتھ بُنڈیس لیگا میں پہلے نمبر کی ٹیم بن گئی۔

اب دوسرے نمبر پر ہوفن ہائیم کی ٹیم ہے اور تیسرے اور چوتھے نمبر پر بائیرن میونخ اور بائیر لیور کُوزن کی ٹیمیں۔