1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُنڈیس لیگا: ہوفن ہائیم کی پہلی پوزیشن خطرے میں

14 فروری 2009

جرمنی میں فٹ بال کی بُنڈیس لیگا کہلانے والی فیڈرل لیگ کے جمعہ کی رات ہونے والے ایک اہم میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم ہوفن ہائیم کا مقابلہ بائیر لیورکُوزن سے تھا اور یہ میچ لیورکُوزن نے جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/Gu3H
لیورکُوزن کی طرف سے ہوفن ہائیم کے خلاف پہلا گول پیٹرک ہیلمیس نے کیاتصویر: picture-alliance/ dpa

اس میچ میں ہوفن ہائیم کولیورکُوزن کے ہاتھوں ایسی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ہوفن ہائیم کی ٹیم کا بُنڈیس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود رہنا خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اس میچ کے لئے لیورکُوزن کی ٹیم سنزہائیم میں ہوفن ہائیم کی مہمان تھی اور میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر لیورکُوزن کی ٹیم ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت رہی تھی۔

Fußball Bundesliga 1899 Hoffenheim gegen Bayer Leverkusen
ہوفن ہائیم کے گستاوو،دائیں، اور لیورکُوزن کے کاسترو کے مابین بال کے حصول کے کشمکش کا ایک منظرتصویر: AP

دوسرے ہاف میں کھیل کے نوے منٹ پورے ہونے پر جب یہ میچ اپنے اختتام کو پہنچا تو سکور ایک کے مقابلے میں چار ہو چکا تھا۔ جمعہ کی رات ہوفن ہائیم کے خلاف بائیر لیور کُوزن کی کامیابی میزبان ٹیم کی اپنی ہوم گراؤنڈ پر گذشتہ برس 13 اپریل کے بعد سے آج تک کی پہلی شکست تھی۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے سنزہائیم کے رائین نیکر آرینا میں 30 ہزارسے زائد شایقین موجود تھے۔

ہوفن ہائیم کی طرف سے واحد گول 31 ویں منٹ میں سجاد صالیحووچ نے مخالف ٹیم کی طرف سے فاؤل کے بعد پنلٹی کک پر کیا جبکہ فاتح ٹیم بائیر لیورکُوزن کی طرف سے پیٹرک ہیلمیس نے دو اور زیمون رولفیس اور گونزالو کاسترو نے ایک ایک گول کیا۔

اس میچ میں ہوفن ہائیم کو اپنی شکست کی ایک بڑی قیمت اس طرح چکانا پڑ سکتی ہے کہ آج ہفتہ کے روز بُنڈیس لیگا کا ہیرتھا برلن اور بائیرن میونخ کے مابین ہونے والا میچ اگر بے نتیجہ نہ رہا اور کوئی بھی ٹیم جیت گئی تو ہوفن ہائیم کی ٹیم بُنڈیس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر اپنی اب تک پہلی پوزیشن سے محروم ہو جائے گی۔