1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُنڈیس لیگا: ہیمبرگ نے بیلے فیلڈ کو ہرادیا

16 فروری 2009

جرمنی میں فٹ بال کی فیڈرل لیگ بُنڈیس لیگا کے موجودہ سیزن میں اتوار کی شام ان مقابلوں کا 20 واں روز مکمل ہو گیا جس دوران دو میچ کھیلے گئے۔

https://p.dw.com/p/Guwg
ہیمبرگ کے کھلاڑی بیلے فیلڈ کے خلاف پہلے گول کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

پہلا میچ ہیمبرگ اور آرمینیا بیلے فیلڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جوہیمبرگ کی ٹیم نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر سکو ر صفر ایک تھا اور میچ میں ہیمبرگ کے کھلاڑی آرمینیا بیلے فیلڈ کی ٹیم پر پوری طرح چھائے رہے جو نوے منٹ کے کھیل میں گول کرنے کے کئی مواقع ملنے کے باوجود کسی ایک سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکی۔

Bundesliga Cottbus gegen Dortmund
ڈورٹمنڈ اور کوٹبُس کے مابین میچ میں حریف کھلاڑیوں کی بال کے حصول کے لئے جدوجہد کا ایک منظرتصویر: AP

کل شام بُنڈیس لیگا کے امسالہ سیزن کے 20 ویں روز کا آخری میچ بوروسیا ڈروٹمنڈ اور انرجی کوٹبُس کے مابین کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں گول میچ کے پہلے ہاف میں کئے گئے۔ دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کرسکی اور یہ میچ آخر تک برابر رہا۔

بُنڈیس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اپنے 40 پوائنٹس کے ساتھ ہیرتھا برلن کی ٹیم پہلے نمبر پر ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہوفن ہائیم اور ہیمبرگ کی ٹیمیں ہیں۔

ان دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 39 ہے مگر ہوفن ہائیم زیادہ گول کرنے کی وجہ سے ہیمبرگ سے آگے ہے۔ اس وقت چوتھے نمبر پر بائیرن میونخ اور پانچویں نمبر پر بائیر لیور کُوزن کی ٹیم ہے۔