1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بچوں کی لاکھوں فحش تصاویر‘، ملزم کی امریکا حوالگی کا فیصلہ

امجد علی16 دسمبر 2015

آئر لینڈ کی ہائیکورٹ نے اُس ملزم کو ریاست ہائے متحدہ امریکا کے حوالے کیے جانے کی راہ ہموار کر دی ہے، جسے امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (FBI) دنیا بھر میں بچوں سے متعلق فحش مواد کا سب سے بڑا سہولت کار قرار دیتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HOlx
Ring von Kinderschändern in Spanien zerschlagen Symbolbild Kinderpornografie
عدالت کو بتایا گیا کہ مارکیز کے پاس مجموعی طور پر بچوں کی ایک ملین سے زیادہ فحش تصاویر کا ذخیرہ تھاتصویر: picture-alliance/dpa

نیوز ایجنسی روئٹرز نے ڈبلن سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی اٹارنی جنرل نے 2013ء میں ڈبلن حکومت سے درخواست کی تھی کہ ایرک مارکیز کو امریکا کے حوالے کیا جائے، جس پر بچوں سے متعلق فحش مواد کی تشہیر اور تقسیم کے چار الزامات ہیں۔ تب امریکی اٹارنی جنرل نے بتایا تھا کہ مارکیز یہ کام ایک گمنام ہوسٹنگ ویب سائٹ کے مالک اور منتظم کے طور پر کر رہا تھا، جسے فریڈم ہوسٹنگ کا نام دیا گیا تھا۔

Symbolbild Kinderpornographie im Internet
’ان تصاویر میں نابالغ بچوں کے ساتھ جبری جنسی زیادتی اور اُن پر جبر و تشدد کی تصاویر بھی شامل تھیں‘تصویر: AP Graphics

مارکیز پر الزام ہے کہ وہ خفیہ کوڈز کے ذریعے یہ سارا ڈیجیٹل مواد مختلف ویب سائٹس کو فراہم کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مارکیز کے پاس مجموعی طور پر بچوں کی ایک ملین سے زیادہ فحش تصاویر کا ذخیرہ تھا۔ اس عدالت میں ایک ابتدائی سماعت میں ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ نے بتایا تھا کہ ان تصاویر میں نابالغ بچوں کے ساتھ جبری جنسی زیادتی اور اُن پر جبر و تشدد کی تصاویر بھی شامل تھیں۔ اس ایجنٹ نے مارکیز کو ’کرہٴ ارض پر چائلڈ پورنوگرافی کا سب سے بڑا سہولت کار‘ قرار دیا تھا۔

ایرک مارکیز اگست 2013ء میں اپنی گرفتاری کے بعد سے زیرِ حراست ہے۔ مارکیز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ مارکیز ان تمام الزامات کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ اُس پر مقدمہ آئر لینڈ ہی میں چلایا جائے۔ آئر لینڈ کے پبلک پراسیکیوشن محکمے کے ڈائریکٹر نے البتہ عدالت کو بتایا کہ اُن کا محکمہ اُس کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

Symbolbild Kinderpornografie
ایک ابتدائی سماعت میں ایف بی آئی کے ایک ایجنٹ نے مارکیز کو ’کرہٴ ارض پر چائلڈ پورنوگرافی کا سب سے بڑا سہولت کار‘ قرار دیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

اس طرف سے مایوس ہونے کے بعد مارکیز کے وکلاء نے یہ کہہ کر اُس کی امریکا کو حوالگی روکنے کی کوشش کی کہ اُن کا مؤکل ایسپرگر سینڈروم کا شکار ہے اور خدشہ ہے کہ امریکا میں اُس کا مناسب علاج نہ ہو سکے گا، یہ بھی کہ وہاں اُس پر جنسی حملے بھی ہو سکتے ہیں تاہم جسٹس آئیڈین ڈونلی نے یہ تمام خدشات رَد کر دیے اور اس یقین کا اظہار کیا کہ مارکیز کی امریکا کو حوالگی سے اُس کے آئینی یا روایتی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہو گی۔

آئرش ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے بعد بھی ایرک مارکیز کو تب تک امریکا کے حوالے نہیں کیا جائے گا، جب تک وہ آئر لینڈ میں اپیل کرنے کے تمام تر امکانات سے فائدہ نہیں اٹھا لیتا۔ امریکا کے حوالے کیے جانے کی صورت میں مارکیز کو ساری عمر کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانا پڑ سکتا ہے کیونکہ تمام چار الزامات میں قصور وار ثابت ہونے پر اُسے پورے ایک سو سال کی سزائے قید ہو سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید