1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ایئرلائن انڈیگو اب عالمی سفر پر

20 جنوری 2011

بھارتی ایئرلائن انڈیگو اگست سے غیر ملکی پروازوں کا آغاز شروع کر دے گی۔ حال ہی میں اس ایئر لائن نے 180ایئر بس(A320) طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، جن کی مالیت 15 بلین یورو بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/zzxI
تصویر: AP

کمپنی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہوابازی سے متعلق بھارتی وزارت نے انڈیگو کو مسقط، دبئی، سنگاپور اور بنکاک میں پروازیں شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس وقت انڈیگو کے پاس 34 ایئربس طیارے ہیں اور بھارت میں یومیہ 24 مقامات کی طرف221 پروازیں روانہ کی جاتی ہیں۔

Airbus A320
ایئربس کمپنی اب تک 4500 طیارے مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

انڈیگو کی طرف سے نئے طیاروں کی خریداری کے بارے میں ایئر بس بنانے والی کمپنی نےکہا ہے کہ تجارتی ہوا بازی کی تاریخ میں یہ کسی بھی ایک فرم کی طرف سے طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر ہے۔ کم قیمت ٹکٹوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اس ایئر لائن نے جس سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں، اس کے تحت جدید ترین ایئر بس اے 320 طیارے خریدے جائیں گے۔ ان جدید ہوائی جہازوں میں ایسے انجن نصب کئے جائیں گے، جو زیادہ سے زیادہ تیل کی بچت کریں گے۔

انڈیگو وہ پہلی کمپنی ہے جو یہ جدید ترین ہوائی جہاز خریدنے جا رہی ہے۔ ان ہوائی جہازوں کی ترسیل 2016ء سے شروع ہوگی۔ انڈیگو کے بانی راکیش گنگوال کا کہنا ہے کہ کم ایندھن خرچ کرنے والے ان ہوائی جہازوں کی خرید سے انہیں کم کرائے والی ٹکٹوں کی پیشکش جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہوائی جہاز 15 فیصد تک تیل کی بچت کریں گے، جس کے ماحول پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

گنگوال کا کہنا ہے، ’نئے ہوائی جہازوں کا آرڈر بھارت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ اس لئے بھی کیا ہے کہ نہ صرف تیل کی بچت ممکن ہوگی بلکہ یہ طیارے ماحول دوست بھی ہیں۔‘

ایئربس کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے انڈیگو کمپنی کو بھارتی ہوائی سفر کی صنعت میں ایک مضبوط پوزیشن حاصل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے،’اس معاہدے سے متوقع طور پر انڈیگو مزید کامیابیوں کی طرف گامزن ہو جائے گی اور ہمیں خوشی ہے کہ یہ ہوائی کمپنی مستقبل کی تعمیر کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔‘

ایئربس کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اب تک 4500 طیارے 310 مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکے ہیں، جبکہ تیرہ سو مزید ہوائی جہازوں کی تیاری کے آرڈر انہیں مل چکے ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسراعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں