1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

'بھارتی تاجر کی بیٹی کی شادی پر پانچ ارب کا خرچہ‘

بینش جاوید
16 نومبر 2016

بھارت میں کان کنی کے کاروبار کے مالک اور ایک متنازعہ تاجر جناردھن ریڈی اپنی بیٹی کی شادی پر پانچ ارب بھارتی روپے خرچ کر رہے ہیں۔ شادی ایک فرضی شاہی محل میں کی جائے گی اور شادی میں رقاصائیں برازیل سے بلوائی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2SmPK
Brass Band in Indien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس شادی کا انعقاد آج بدھ کے روز کیا جا رہا ہے۔ جنوبی بھارت کے شہر بنگلور کے ایک فرضی محل میں منعقد کی گئی اس شادی میں لگ بھگ پانچ ہزار کی آمد متوقع ہے۔ جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی کی تقریب آج شام ایک محل میں منعقد ہو رہی ہے۔ آج کے دن ہی ان کی بیٹی کی شادی ہندو مذہب کے مطابق کر دی گئی تھی۔

اپنی بیٹی کی شادی پر بے پناہ پیسہ خرچ کرنے پر بھارت کا مقامی میڈیا اس تاجر شخصیت کو ایک ایسے وقت میں شدید تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے جب عام شہری کھانے کے لیے بھی پیسوں کی تلاش میں ہیں۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ بھارت کی معیشت کی 85 فیصد کرنسی پر مشتمل 500 اور 1000 روپے کے نوٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔ بھارتی شہری پرانے نوٹوں کی ایک مخصوص تعداد کو بینکوں اور پوسٹ آفسوں سے تبدیل کرواسکتے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد ہر روز ہزاروں افراد بینکوں کے باہر لمبی قطاروں میں نظر آتے ہیں۔ بھارتی شہریوں کی اکثریت کو روز مرہ کاروبار کے لیے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

Indien Goldschmuck
تصویر: Noah Seelam/AFP/Getty Images

جناردھن ریڈی کے ایک قریبی ساتھی مانجو سوامی، جناردھن ریڈی کی جانب سے اپنی بیٹی کے لیے اس شان و شوکت والی شادی منقعد کرنے کے فیصلے کا دفاع کر رہے ہیں۔ مانجو سوامی نے اے ایف پی کو بتایا،’’ جلن اور حسد کی بنا پر جناردھن ریڈی کی بیٹی کی شادی کو ایک مسئلہ بنایا جا رہا ہے۔ والدین کے لیے ان کی اکلوتی بیٹی کی شادی ایک بہت اہم موقع ہے اور وہ اپنی بیٹی کی شادی معاشرے میں ان کو حاصل مقام کے مطابق کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

49 سالہ جناردھن ریڈی بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کان کنی کے ایک اسکینڈل میں ملوث ہونے کے جرم میں تین سال جیل میں گزار چکے ہیں اور گزشتہ برس ضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے۔

جناردھن ریڈی نے گزشتہ ہفتے اپنی رہائش گاہ میں چند صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ ظاہر نہیں کیا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی پر کل کتنی رقم خرچ کریں گے لیکن انہوں نے یہ کہا کہ وہ ٹیکس انتظامیہ کو تمام معلومات فراہم کریں گے۔