1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی زیر انتظام کشمیر: تین فوجی اور ایک احتجاجی ہلاک

افسر اعوان (AFP)
27 اپریل 2017

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوجیوں نے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری ہلاک ہو گیا۔ اس سے قبل عسکریت پسندوں کے بھارتی فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/2c1Kz
Kaschmir Konflikt mit Indien, Tunneleröffnung
تصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوجیوں نے اُن مظاہرین پر فائرنگ کر دی جو فوج کی ایک جیپ پر پتھراؤ کر رہے تھے۔ بھارت کے زیر انتظام کمشیر کی پولیس کے انسپکٹر جنرل جاوید گیلانی نے اے ایف پی کو بتایا فوج کی فائرنگ کے نتیجے زخمی ہونے والا 40 سالہ شخص بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایک پولیس افسر کے مطابق فوجیوں کی فائرنگ سے قبل پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس پھینکی اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔

مظاہروں سے قبل آج علی الصبح بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند عسکریت پسندوں نے پاکستانی سرحد کے قریب واقع ایک بھارتی فوجی اڈے پر حملہ کرتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔

Kashmir | Ausschreitungen in Srinagar
پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس پھینکی اور ہوائی فائرنگ بھی کیتصویر: Reuters/D. Ismail

بھارتی فوج کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ کُپواڑہ میں فوجی اڈے پر حملہ کرنے والے دونوں حملہ آور فوجیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جب کہ علاقے میں تلاش کا کام جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر گزشتہ کئی ہفتوں سے ہزاروں کشمیری سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق آج جمعرات 27 اپریل کو ہونے والی جھڑپوں کے بعد متاثرہ علاقے میں مزید نفری روانہ کر دی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی زیر انتظام کشمیر میں اس وقت پانچ لاکھ کے قریب بھارتی فوج تعینات ہے۔ مسلم اکثریتی یہ خطہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں ممالک اس پورے خطے پر اپنا حق جتاتے ہیں اور اس معاملے پر تین جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔