1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

بھارتی سپاہی کی ویڈیو وائرل

بینش جاوید
10 جنوری 2017

ایک بھارتی فوجی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس ویڈیو میں وہ نامناسب حالات میں بارڈر سکیورٹی کے جوانوں کے کام کرنے کی شکایت کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2VYwd
Facebook Tej Bahadur Yadav BSF
تصویر: Facebook/Tej Bahadur Yadav

تیج بہادر یادیو نے اپنے فیس بک پر چند ویڈیوز شائع کی ہیں۔ ایک ویڈیو میں وہ اپنے آپ کو بارڈر سکیورٹی فورس کی 29 بٹالین کا فوجی بتا رہا ہے ۔ اس نے فوجی وردی پہن رکھی ہے اور وہ ایک برفیلے پہاڑ کے سامنے کھڑا ہے۔  اس ویڈیو میں وہ کہتا ہے،’’ ہم صبح چھ بجے سے شام پانچ بجے تک کھڑے ہو کر ڈیوٹی دیتے ہیں۔ کوئی ہماری حالت کے بارے میں نہیں بتاتا۔ میں حکومت کو قصور وار نہیں ٹھہراتا وہ ہمارے لیے سب کچھ کرتی ہے لیکن ہمارے افسر سب فروخت کر کے کھا جاتے ہیں اور ہمیں کچھ نہیں ملتا بعض اوقات کچھ فوجی بھوکے ہی سو جاتے ہیں۔‘‘

ایک ویڈیو میں وہ ناشتہ دکھاتا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ناشتے میں جلا ہوا پراٹھا اور چائے ملتی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ پھر وہ ایک ویڈیو میں دوپر کا کھانا دکھاتا ہے جس میں چند روٹیاں اور پتلی دال ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ دال میں لہسن، پیاز تک نہیں ہے۔ ویڈیو میں وہ کہہ رہا ہے کہ انہیں کئی روز دال اور روٹی ہی دوپہر کے کھانے میں دی جاتی ہے۔

ان کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہیں۔ انہیں ہزاروں افراد نے شئیر کیا اور ان پر کامنٹس کے ذریعے تبصرے کیے۔ انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ میں نے بارڈر سکیورٹی فورس کے جوان کی ویڈیو دیکھی ہے۔ میں نے ہوم سکریٹری سے کہا ہے کہ اس حوالے سے بی ایس ایف سے رپورٹ لیں اور اس پر مناسب ایکشن لیں۔‘‘

ویڈیو میں تیج بہادر کا کہنا ہے کہ اس طرح کا کھانا کھا کر جوانوں کے لیے اتنی لمبی ڈیوٹی کرنا مشکل ہے۔ آج انڈیا میں سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ بی ایس ایف جوان ٹرینڈ کر رہا ہے۔

بھارت کی نامور صحافی برکھا دت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ انتہائی افسوسناک ویڈیو۔‘‘ کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ یہ ایک ایسے فوجی کی ویڈیو ہے جو فوج سے ناراض ہے اور ناراضگی کی بنا پر فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔