1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی غرباٗ کو مفت انٹرنیٹ فراہم کیا جائے، فیس بک کے بانی

بینش جاوید28 دسمبر 2015

فیس بک کے بانی مارک زَکربرگ نے بھارتی انتظامیہ پر زور ڈالا ہے کہ وہ اپنی عوام کو مفت انٹرنیٹ فراہم کرے۔ اِس مناسبت سے شروع منصوبہ، تنازعے کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HUcF
USA Narendra Modi und Mark Zuckerberg
تقریباً 3.2 ملین بھارتی شہریوں نے مفت سہولیات کی سروس کی بحالی کے لیے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیںتصویر: picture-alliance/Zuma Press

انٹرنیٹ ڈاٹ او آر جی (internet.org) جسے اب بنیادی سہولیات کی سروس کہا جاتا ہے، اس کا آغاز رواں برس بھارت کے چند صوبوں میں کیا گیا تھا تاہم اسے بھارت میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے عام شہری کو انٹرنیٹ کے بغیر چند ویب سائٹس تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ اس ماہ کے شروع میں بھارت کی ٹیلی کام اتھارٹی نے ریلائنس کمیونیکیشنز کو بغیر کسی مناسب وجہ کے اس انٹرنیٹ پروگرام کو بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

مارک زَکربرگ نے بھارت کے روزنامہ انگریزی اخبار ’دا ٹائمز آف انڈیا‘ کے اداریہ میں اس مفت سہولت کی بحالی کے لیے ایک مضمون تحریر کیا ہے۔ اس مضمون میں انہوں نے لکھا ہے ’’ اگر ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ انٹرنیٹ کی سہولت سب کو میسر ہونی چاہیےتو ہمیں بنیادی سہولیات کی سروس کی بحالی کا ساتھ دینا چاہیے۔ گزشتہ برس ہم نے اس موضوع پر طویل بحث دیکھی تھی۔ ‘‘

تقریباً 3.2 ملین بھارتی شہریوں نے مفت سہولیات کی سروس کی بحالی کے لیے ایک پٹیشن پر دستخط کیے ہیں ۔

دوسری جانب بھارت کے اہم کاروباری شخصیات اور ٹیکنالوجی سے منسلک افراد نے اس سہولت کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ ان کے مطابق غریب لوگوں کے لیے مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے بہتر ہے کہ وہ اُن کمپنیوں کے کنٹرول شدہ انٹرنیٹ کی سروس کو استعمال کریں جن پر محفوظ مواد فراہم کیا جاتا ہے۔

مارک زَکربرگ نے اپنے مضمون میں یہ بھی لکھا ہے، ’’ بنیادی سہولیات کی سروس کے حوالے سے اِس کے ناقدین غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔‘‘

فیس بک کمپنی بھارت میں اخبارت اور بل بورڈز پر اس حوالے سے اشتہارات بھی شائع کر رہی ہے جس میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ’بھارت میں اس مفت سہولت پر پابندی لگنے کا خطرہ ہے‘ اور ’ اس سہولت کا مقصد صرف غریب عوام تک رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔‘