1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فوجی کریک ڈاؤن: کشمیر میں ہزاروں شہری چھپنے پر مجبور

مقبول ملک
4 نومبر 2016

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے مسلح کریک ڈاؤن سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے ہزارہا کشمیری شہری بالخصوص نوجوان جنگلات، باغات اور پہاڑی علاقوں تک میں چھپنے اور پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2SBoM
Indien Protesten in Kashmir
سری نگر میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دو نوجوان شرکاء: سکیورٹی فورسز کا فائر کیا گیا ایک آنسو گیس کا شیل واپس انہی کی طرف پھینکنے کی کوششتصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Yasin

اس موضوع پر نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جمعہ چار نومبر کے روز کلگام سے اپنے ایک تفصیلی مراسلے میں لکھا ہے کہ کشمیر میں بہت سے باغات اور جنگلاتی علاقوں میں درجنوں ایسے نوجوان مقامی باشندے دیکھے جا سکتے ہیں، جو بھارتی سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کا نشانہ بننے سے بچنے کے لیے ایسی جگہوں پر چھپے ہوتے ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ کشمیر کے گھنے درختوں والے پہاڑی علاقے ایسے کشمیری نوجوانوں کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کا کام دے رہے ہیں، جو صرف نیم فوجی بھارتی سکیورٹی دستوں سے بچتے ہوئے ایسے مقامات کا رخ کرتے ہیں۔

یہ کشمیری نوجوان سیب کے درختوں کے نیچے لیٹے ہوئے، اپنے ارد گرد پھلوں کے بڑے بڑے ڈبے رکھے، آپس میں گپیں لگاتے اور ان میں سے چند ویڈیو گیمز کھیلتے نظر آتے ہیں۔ صرف اس لیے کہ وہاں یہ نوجوان خود کو کچھ محفوظ تصور کرتے ہیں اور اپنے آبائی علاقوں میں معمول کے گلی محلوں کا رخ اس لیے نہیں کرتے کہ وہ بھارتی فورسز کی کارروائیوں کا ہدف نہیں بننا چاہتے۔

بڑھتی ہوئی سردی میں یہ کشمیری شہری رات کے وقت اپنے دوستوں یا دور پار کے رشتے داروں کے گھروں میں پناہ لے لیتے ہیں اور انہیں کوئی رات کہاں بسر کرنا ہے، اس کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ کبھی کبھی تو یہ نوجوان محض چند روز بعد ہی وہ جگہ بدل لیتے ہیں، جہاں وہ اپنے دن یا راتیں گزارتے ہیں۔

Kaschmir - Proteste in Srinagar
’پتھراؤ کرنے والے کشمیری نوجوان سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں‘، بھارتی دستوں کا موقفتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

اس کے باوجود انہیں کسی بھی وقت کسی ناگہانی صورت حال کا سامنا ہو جانے کا خدشہ رہتا ہے کیونکہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اس سال جولائی کے مہینے سے نئی دہلی کے مسلح دستوں نے ہمالیہ کے اس علاقے کو نہ صرف تقریباﹰ ’بند‘ کر رکھا ہے بلکہ اس متنازعہ اور منقسم ریاست پر نئی دہلی کی حکمرانی کے خلاف جاری عوامی تحریک اور احتجاجی مظاہروں کے خاتمے کی بھی پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اے پی نے لکھا ہے کہ اب تک آٹھ ہزار سے زائد نوجوان کشمیری مردوں، جن میں سے زیادہ تر ٹین ایجر ہیں، گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ ہزاروں ایسے دیگر کشمیری نوجوانوں کی تلاش بھی جاری ہے، جنہیں بھارتی سکیورٹی دستے ’مشتبہ‘ قرار دیتے ہیں۔

اس مراسلے میں نیوز ایجنسی اے پی نے مزید لکھا ہے کہ کشمیر میں پولیس ایسے زیر حراست کشمیری نوجوانوں کی اصل تعداد بتانے سے گریز کرتی ہے اور ان کی ہر بار بتائی جانے والی مجموعی تعداد پچھلی مرتبہ سے مختلف اور متضاد ہوتی ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ جن کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، وہ ’سکیورٹی کے لیے خطرہ‘ ہیں، کیونکہ انہوں نے سرکاری دستوں پر پتھراؤ کیا تھا یا پھر وہ پولیس کے ساتھ تصادم میں ملوث تھے۔ بھارتی سکیورٹی ذرائع یہ دعوے بھی کرتے ہیں کہ گرفتار کیے گئے یا مشتبہ کشمیری نوجوانوں میں سے زیادہ تر مبینہ طور پر ایسے ہیں جو یا تو کشمیر پر بھارتی حکمرانی کے خلاف تحریک میں شامل ہو چکے ہیں یا پھر کشمیری علیحدگی پسندوں کی مدد کرتے ہیں۔

Indien Srinagar Unruhen Opfer Beisetzung in Beerwah
بھارتی پولیس اور کشمیری مظاہرین کے مابین تصادم میں مارے جانے والے عام شہریوں کی تدفین کے موقع پر ایک بڑا احتجاجی اجتماعتصویر: picture-alliance/dpa/D. Ismail

اے پی کے مطابق اس بارے میں ایک مقامی یونیورسٹی کے آرٹس کے ایک طالب علم نے، جو اپنے علاقے کے پولیس کو ’مطلوب 40 مشتبہ‘ کشمیری نوجوانوں میں سے ایک ہے، اپنی گرفتاری کے ڈر سے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے پی کو بتایا، ’’ہم آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کرنے کی قیمت چکا رہے ہیں۔ اب تو ہمیں خود اپنے سائے سے بھی ڈر لگنے لگتا ہے۔‘‘

ایک دوسرے نوجوان کشمیری طالب علم نے بتایا، ’’میں سائنس کا طالب علم ہوں اور ڈاکٹر بننا چاہتا ہوں۔ لیکن فی الحال تو پولیس نے مجھے ایک ایسا مفرور شہری بنا دیا ہے، جو مسلح کریک ڈاؤن سے بچنے کی کوشش میں ہے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں