1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی نجی ادارہ ملک میں مفت سمارٹ فون جلد مارکیٹ کرے گا

عابد حسین
21 جولائی 2017

بھارت کے بڑے ٹیلی کام ادارے ریلائنس نے ملک میں مفت اسمارٹ فون مارکیٹ میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے اپنے ادارے کی جنرل میٹنگ کے دوران کیا۔

https://p.dw.com/p/2gxRv
Indien Studenten Smartphone WiFi
تصویر: picture alliance/dpa/P. Adhikary

مکیش امبانی نے بھارتی ٹیلی کام سیکٹر میں مفت سمارٹ فون پیش کرنے کا اعلان کر کے ہلچل مچا دی ہے۔ بھارتی کاروباری حلقوں کے مطابق امبانی کی جانب سے فور جی صلاحیت کا اسمارٹ فون بھارت کے ٹیلی کام سیکٹر میں جاری قیمتوں کی کھلی کشمکش کو ایک نئی جہت فراہم کرے گا۔

امیر ترین بھارتی کاروباری شخصیت نے مفت اسمارٹ فون عام کرنے کا اعلان اپنے ادارے ’ریلائنس انڈسٹریز‘ کی جنرل میٹنگ میں کیا۔ امبانی نے اس اعلان میں بتایا کہ اُن کی کمپنی کا فون خریدنے والا صرف پندرہ سو بھارتی روپوں کے عوض فور جی اسمارٹ فون حاصل کر سکے گا۔

ٹیلی کوم اسکینڈل: بھارتی سپریم کورٹ نے لائسنس منسوخ کر دیے

ٹیلی کام اسکینڈل، رتن ٹاٹا سے سوال و جواب

بھارت میں بلیک بیری سروسز کی معطلی، فیصلہ نہ ہو سکا

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ پندرہ سو روپے تین برسوں کے بعد صارف کو پوری طرح واپس کر دیے جائیں گے۔ بھارت کے پندرہ سو روپے ساڑھے تیئیس امریکی ڈالر کے مساوی ہیں۔

مکیش امبانی نے اپنے فور جی اسمارٹ فون کو پہلے سے پیش کردہ فون سروس ’جیو‘ کا تسلسل قرار دیا ہے۔ ان کی ریلائنس انڈسٹریز کو ملکی ٹیلی کام سیکٹر کی ایک اور بڑی کمپنی بھارتی ایئرٹل کی سخت مسابقت کا سامنا ہے۔

امبانی کے مطابق اُن کی جیو فون سروس دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور ایک ارب سے زائد آبادی کی ڈیجیٹل لائف میں انقلاب آفرین تبدیلی کا ضامن ہو گی۔ جیو فون سروس کی جانب سے مفت اسمارٹ فون رواں برس ستمبر سے عام کر دیا جائے گا۔

Indien Film Lara Dutta
بھارت میں سام سنگ کے نئے فون کو متعارف کرانے کی ایک تقریب میں لارا دتا بھی شریک ہوئیںتصویر: AP

ریلائنس انڈسٹریز نے اپنی جیو فون سروس گزشتہ برس ستمبر میں متعارف کرائی تھی۔ اب تقریباً ایک برس کے بعد نئی پیشکش نے بھارتی عوام کو حیران کر دیا ہے۔ گزشتہ برس سے اب تک ریلائنس انڈسٹریر کی جیو فون سروس کو 125 ملین صارف حاصل ہو چکے ہیں۔ اس کی وجہ جیو فون پر مفت وائس سروس اور بھاری ڈیٹا کی سستی ترسیل خیال کی جاتی ہے۔

کاروباری حلقوں کا خیال ہے کہ بھارت کی انتہائی بڑی آبادی میں ٹیلی کام سیکٹر ابھی بھی بہت کچھ کر سکتا ہے اور اسی تناظر میں کئی کمپنیوں کے انضمام کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ مکیش امبانی کا کاروبار انرجی سیکٹر سے لے کر کیمیکل پروڈکشن تک پھیلا ہوا ہے۔