1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی سیاسی رہنما جے للیتا کے انتقال پر ہزاروں سوگوار

عاطف بلوچ، روئٹرز
6 دسمبر 2016

جنوبی بھارتی شہر چنئی میں سابق فلم اداکارہ، سیاسی رہنما اور تامل ناڈو ریاست کی وزیراعلیٰ جے رام جے للیتا کے انتقال پر ہزاروں افراد سوگ منا رہے ہیں۔ جے للیتا اپنی ریاست کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں مقبول تھیں۔

https://p.dw.com/p/2Tnj4
Jayalalithaa Jayaram
تصویر: Getty Images/AFP/A. Sankar

ستمبر سے سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں انہیں اتوار چار دسمبر کو دل کا دورہ پڑا اور وہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کے بعد ریاست بھر میں عوام کے اپنے غم کا اظہار کیا۔ جے للیتا کا جسدِ خاکی بھارتی پرچم میں لپیٹ کر ریاستی دارالحکومت چنئی میں جس عوامی ہال کے چبوترے پر رکھا گیا ہے، اس کے باہر بھی ہزاروں افراد موجود ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سینکڑوں پولیس اہلکار زنجیر بنا کر عوام کو اس چبوترے پر چڑھنے سے روک رہے ہیں۔

منگل کے روز نئی دہلی میں بھی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں جے للیتا کے انتقال کے دکھ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ’اماں‘ کے نام سے مشہور جے للیتا کے انتقال کے غم میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں کا اجلاس ایک روز کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

68 برس کی عمر میں انتقال کر جانے والی جے للیتا اپنی ریاست میں بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب ہوئی تھیں۔ ان کے انتقال پر تامل ناڈو ریاست میں سات روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جے للیتا کے انتقال کی خبر ریاست بھر میں آگ کی طرح پھیل گئی اور ان کے جسدِ خاکی کو ہسپتال سے ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا تو، ایمبولینس کے راستے پر ہزاروں افراد موجود تھے۔