1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی گرو ستیا سائیں بابا چل بسے

24 اپریل 2011

بھارتی گرو ستیا سائیں بابا زندگی کی بازی ہار کر بالآخر اپنی پیش گوئی سے گیارہ سال قبل ہی انتقال کرگئے ہیں۔ سائیں بابا کے عقیدت مند بھارت تک ہی محدود نہیں بلکہ کئی غیر ملکیوں کو بھی یقین تھا کہ وہ ایک کرشماتی شخصیت تھے۔

https://p.dw.com/p/1139M
ستیا سائیں بابا سابق صدر عبد الکلام کے ہمراہ
تصویر: AP

85 برس کی عمر میں انتقال کرجانے والے سائیں بابا کے عقیدت مند انہیں بھگوان کا روپ سمجھتے تھے۔ ان پر ماضی میں اپنی عقیدت مند خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ 2004ء میں برطانوی نشریاتی ادارے نے ایک ٹیلی وژن سیریز بھی نشر کی تھی، جس میں ایسے کئی امریکی شہریوں کے انٹرویو دکھائے گئے تھے، جنہوں نے سائیں بابا کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہونے اور اپنے خلاف زیادتیوں کی شکایات کی تھیں۔

اس کے باوجود سائیں بابا کی شہرت میں کوئی خاص کمی نہیں ہوئی۔ اس گرو نے یہ پیشن گوئی بھی کی تھی کہ آٹھ برس بعد وہ ایک نئے روپ میں جسمانی طور پر زمین پر واپس لوٹیں گے۔

جنوب مشرقی ریاست بھارتی آندھرا پردیش کے ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہونے والے ستیا نارائن راجو نامی اس گرو کا دعویٰ تھا کہ وہ اپنی پیدائش سے آٹھ سال قبل انتقال کر جانے والے ایک اور سابق گرو شریدی گاؤں کے سائیں بابا کا دوسرا جنم ہیں۔ شریدی کے سائیں بابا کا تعلق مغربی بھارت سے تھا۔

سائیں بابا نے پتا پارتھی نامی گاؤں میں اپنے ایک چھوٹے ڈیرے سے اپنے نظریات کی تبلیغ کا سفر شروع کیا تھا۔ یہ سلسلہ اب بھارت بھر اور دنیا کے بعض دیگر ملکوں میں ان کی جانب سے قائم کردہ اسکولوں، ہسپتالوں اور تبلیغی مراکز تک پھیل چکا ہے۔ اپنے عقیدت مندوں سے ملنے والی نقد رقوم کی بدولت انہوں نے بھارت سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں صاف پانی فراہم کرنے کی اسکیمیں، درس گاہیں، میوزیم اور متعدد عبادت گاہیں بھی قائم کیں۔

Sexskandale in Indien
ایک اور بھارتی گرو روایتی زرد رنگ کا لباس زیب تن کیے ہوئےتصویر: DW

ان کو مالی سہارا فراہم کرنے والوں میں سب سے بڑا نام Isaac Burton Tigrett کا ہے۔ Hardrock کیفے نامی ریستورانوں کے مالک اس ارب پتی نے امریکہ سے آ کر سائیں بابا کے گاؤں پتا پارتھی میں سکونت اختیار کر لی تھی اور اپنا بیشتر سرمایہ سائیں بابا ٹرسٹ کے نام کر دیا تھا۔ اس ٹرسٹ کے مالی اثاثوں کا اندزہ دس ارب ڈالر کے لگ بھگ لگایا جاتا ہے۔

ان کے حوالے سے ایسی باتیں بھی کہی جاتی ہیں کہ بچن میں ایک بچھو یا سانپ نے کاٹا تھا اور بعد میں وہ اپنی ’طلسماتی طاقت‘ کے ذریعے مٹھائی، سونا اور بہت سی دوسری اشیاء پلک جھپنے میں اپنے پیروکاروں کے سامنے حاضر کر دیتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ ایسی زبانیں بھی بولتے تھے جو انہوں نے کبھی سیکھی ہی نہیں تھیں۔

وہ اپنے پیروکاروں میں سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی سمیت متعدد سیاستدانوں اور فوجی جرنیلوں کے ساتھ ساتھ کرکٹر سچن تندولکر اور ہالی وڈ کی اداراکارہ گولڈی ہان کا نام بھی لیتے تھے۔ دنیا بھر میں پھیلے کروڑوں لوگوں کے لیے انتہائی مقدس سمجھے جانے والے سائیں بابا پر 1993ء میں ایک ناکام قاتلانہ حملہ بھی ہوا تھا، جس میں ان کے دو عقیدت مند مارے گئے تھے تاہم وہ خود محفوظ رہے تھے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک