1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

بھارتی یوم جمہوریہ، ابوظہبی کے ولی عہد مہمان خصوصی

26 جنوری 2017

بھارت بھرپور فوجی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج اپنا 68 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر تھے۔

https://p.dw.com/p/2WQJx
Indien BG Tag der Republik
تصویر: UNI/A. Kar

تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے روابط تیزی سے مضبوط بنانے کی کوشش میں ہے۔ اسی وجہ سے آج بھارت کے یوم جمہوریہ جیسے اہم موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زيد النہیان کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی طرف سے نئی دہلی حکومت کے ساتھ دوستی کے اظہار کے لیے ہندوستانی فوجیوں کی پریڈ میں یو اے ای کا ایک خصوصی فوجی دستہ بھی شریک ہوا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ پر روشنیوں کی مدد سے بھارتی پرچم بھی بنایا گیا۔ یو اے ای حکومت کے مطابق برج خلیفہ پر روشنیوں کی مدد سے اس طرح بھارتی پرچم  کل بھی بنایا گیا تھا اور آج چھبیس جنوری کو پھر ایسا کیا جائے گا۔ جریدے گلف نیوز نے اس موقع پر ’مرحبا ہندوستان‘ جیسے الفاظ استعمال کیے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

Indien BG Tag der Republik
تصویر: UNI/A. Kar

آج بھارتی دارالحکومت میں ہونے والی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنانے اور ممکنہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے صرف نئی دہلی میں ہی پچاس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے خبردار کر رکھا تھا کہ عسکریت پسند ہائی جیکنگ کرتے ہوئے، ڈرون کے ذریعے یا پھر پولیس کی وردیاں استعمال کرتے ہوئے اس تقریب کا نشانہ بنا سکتے تھے۔

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں آج کے دن گیارہ دھماکے ہوئے تاہم یہ بڑی نوعیت کے نہیں تھے۔ پولیس کے مطابق ان میں سے سات دھماکے آسام ریاست میں ہوئے۔ نئی دہلی کے علاوہ جموں و کشمیر اور ممبئی میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی۔

Indien | Feierlichkeiten zum India Republic Day
تصویر: Getty Images/AFP/M. Sharma

بھارت کے یوم جمہوریہ کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاوہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

بھارت میں یہ دن 1950ء میں اسی دن نافذ ہونے والے ملکی آئین کے حوالے سے یوم جمہوریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آج فوجی پریڈ کے ساتھ ساتھ اس موقع پر رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ بھارت کی طرف سے آج بھرپور فوجی طاقت کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ جنگی جہازوں کی پروازوں کے ساتھ ساتھ جنگی ٹینکوں اور میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی۔