1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت، آسٹریلیا کرکٹ سیریز

26 ستمبر 2008

بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر مکمل طور پر فٹ ہو گئے ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لیں گے۔

https://p.dw.com/p/FPp2
لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکرتصویر: AP

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نرنجن شاہ کے مطابق گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کہنی کی انجری کا شکار ہونے والے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں۔

وہ نو اکتوبرسے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے فزیو تھیراپسٹ نے ٹنڈولکر کے مکمل فٹ ہونے کی رپورٹ بورڈ کو جمع کرا دی ہے۔ نرنجن شاہ نے کہا کہ تیس ستمبر سے شروع ہونے والے قومی کرکٹ اکیڈمی کیمپ سے ٹنڈولکر باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کر دیں گے۔

Sri Lanka - Indien Cricket
تصویر: AP

ادھربھارتی فاسٹ باؤلر ظہیر خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز انتہائی دلچسپ ہوگی اور ان کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ظہیر خان نے کہا کہ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کی بھارتی سرزمین پر اب تک کی کارکردگی کوئی زیادہ متاثر کن نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پونٹنگ نے بھارتی سرزمین پر کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں آج تک 12.28 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ ظہیر خان نے کہا کہ بھارت کی ٹیم نے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی سیریز کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم میتھیو ہیڈن پر انحصار کرے گی اور ان کی خواہش ہوگی کہ وہ میتھیو ہیڈن کو جلد سے جلد آؤٹ کریں۔ ظہیر خان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم گذشتہ کچھ عرصہ سے انتہائی اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھی تمام کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔