1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا نیا دور

19 جولائی 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن دو روزہ دورے پر گزشتہ روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ چکی ہیں۔ آج منگل کے روز امریکہ اور بھارت کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کے نئے راؤنڈ کی میٹنگ شیڈیول ہے۔

https://p.dw.com/p/11z7O
امریکی اور بھارتی وزرائے خارجہتصویر: AP

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے بھارتی دورے کے دوران آج منگل کے روز دونوں حکومتوں کے درمیان اہم مذاکراتی عمل کے سلسلے میں مختلف میٹنگز شڈیول ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ پچیس رکنی وفد بھی بھارت پہنچا ہوا ہے۔ دونوں حکومتوں کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی شروعات سے حکومتی رابطوں کو مزید استحکام دینا مراد ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ آج کی میٹنگز میں پاکستان اور بھارت کی داخلی اور خطے میں ان ملکوں کی صورتحال کو اہمیت حاصل رہے گی۔ تیرہ جولائی کے ممبئی بم دھماکوں کے ایک ہفتے بعد شروع ہونے والے امریکہ بھارت مذاکرات میں دہشت گردی کے خلاف دونوں ملک قریبی روابط کو مزید استحکام دینے کو بھی فوقیت دے سکتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے بھی اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد تشکیل دے رکھا ہے۔

آج منگل کے روز امریکہ اور بھارت کے درمیان کم از کم دو معاہدوں پر دستخط یقینی طور پر کیے جائیں گے۔ ان میں ایک دو طرفہ ایئر سیفٹی کا ہے اور دوسرا سائبر سکیورٹی سے متعلق ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اپنے موجودہ دورے کے دوران آج منگل کو بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کریں گی۔ ان سے مذاکراتی عمل میں بھارتی وفد کی قیادت وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کریں گے۔ ہلیری کلنٹن انیس جولائی کو بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن سے بھی ملیں گی۔

NO FLASH Hillary Rodham Clinton
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن ایک اہم میٹنگ میں: فائل فوٹوتصویر: dapd

وہ آج منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔ نئی دہلی میں قیام کے دوران بھارتی وزیر خزانہ سے بھی ان کی ملاقات شیڈیول ہے۔ ان ملاقاتوں میں دہشت گردی اور اقتصادی معاملات کے علاوہ کلنٹن، افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کے پلان کے حوالے سے بھی بات کریں گی۔

امریکی وزیر خارجہ اپنے بھارتی دورے کی اگلی منزل پر چنئی پہنچیں گی۔ مشرقی بھارتی بندرگاہی شہر چنئی کو دونوں ملکوں کے درمیان فروغ پاتی تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے۔ چنئی میں قیام کے دوران کل بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ امریکہ بھارت تعلقات بشمول ایشیا بحر الکاہل خطوں پر ایک پالیسی خطاب بھی کریں گی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ مجموعی طور پر کلنٹن کے موجودہ دورے کے دوران امریکہ اور بھارت کے درمیان اقتصادی تعلقات میں فروغ کو خاص طور پر اہمیت دی جائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اتوار کے روز یورپی ملک یونان کے دارالحکومت ایتھنز کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارت پیر کے روز پہنچیں تھیں۔ وہ بھارت کے بعد چین، ہانگ کانگ اور انڈونیشیا بھی جائیں گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں