1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: بچوں کی فحش فلمیں، امریکی شہری گرفتار

18 جنوری 2017

بھارت میں بچوں کی فحش فلمیں اپ لوڈ کرنے اور انہیں پھیلانے کے الزام میں ایک امریکی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے کمپیوٹر سے بچوں کی انتیس ہزار سے زائد پورن فلمیں اور برہنہ تصاویر ملی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2VyWE
Symbolbild Pornographie im Internet
تصویر: Fotolia/Denys Rudyi

بھارتی پولیس نے انٹرپول کی طرف سے نشاندہی کے بعد جنوبی شہر حیدرآباد میں ایک امریکی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ شخص مبینہ طور پر انٹرنیٹ کے بچوں کی فحش فلمیں پھیلا رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم سن دو ہزار بارہ سے ایک بین الاقوامی قانونی فرم میں نائب سربراہ کی پوزیشن پر کام کر رہا تھا۔ ریاستی پولیس کے سائبر کرائم سیل کے سربراہ رام موہن کا جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہمیں انٹرپول کی طرف سے یہ اشارہ ملا تھا کہ ایک آئی پی ایڈریس سے بچوں کی فحش فلمیں اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔ ہم نے آئی پی ایڈریس کے ذریعے ملزم کے گھر تک پہنچ گئے جو کہ حیدرآباد کے مضافات میں واقع ہے۔‘‘

پولیس کی معلومات کے مطابق ملزم کے کمپیوٹر سے بچوں کی انتیس ہزار فحش فلمیں اور تصاویر ملی ہیں اور ان کو ’گیگا ٹرائب‘ پر شیئر کیا گیا تھا۔ یہ فائل شیئرنگ اور دیگر ویب سائٹس کے لیے بنایا گیا نیٹ ورک ہے۔

پولیس کی طرف سے ملزم کا نام جیمز جونز کرک بتایا گیا ہے اور بھارتی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت اس کے خلاف مقدمے کا اندراج بھی کر لیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت ملزم کو زیادہ سے زیادہ پانچ برس کے لیے سزا ہو سکتی ہے۔

دا ہندو اخبار کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اقرار کیا ہے کہ وہ بچوں کی فحش فلمیں رکھتا تھا اور ان کا عادی ہو چکا تھا۔ اس اخبار نے تفتیش کاروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم رات کو سونے سے پہلے ایسی فلمیں لازمی طور پر دیکھتا تھا۔ پولیس کے مطابق اس حوالے سے جلد ہی امریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔

رام موہن کے مطابق جس گروپ میں یہ فلمیں شیئر کی جاتی تھیں، اس کے تقریباﹰ پانچ سو ممبر ہیں اور ان کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شروع شروع میں ملزم کی طرف سے چھوٹے چھوٹے ویڈیو کلپ اپ لوڈ کیے جاتے تھے لیکن جب اسے مزید اعتماد حاصل ہوا تو اس نے مکمل ویڈیوز شیئر کرنا شروع کر دیں۔