1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: دو حادثوں میں ہلاک شدگان کی تعداد 100 ہوگئی

1 اکتوبر 2009

بھارتی ریاست کیرالہ میں امدادی کارکنان ایک چھوٹے جہاز کے حادثے میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کی شام کو پیش آئے اس حادثے میں 13 بچوں سمیت 42 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/JvnR
تصویر: AP

کیرالہ کی پولیس کے مطابق اس کشتی پر 76 سیاح تفریح کی غرض سے سوار تھے، جب یہ ڈبل ڈیکر فیری پانی میں الٹ گئی۔ حکام کے مطابق بدھ کی رات کو گیارہ لاشیں نکالی گئیں، جبکہ چار غیر ملکی سیاحوں سمیت بیس افراد نے تیر کر اپنی جان بچائی۔کیرالہ پولیس کے مطابق امدادی کارروائیوں میں بھارتی نیوی کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔

Fähren auf dem Ganges, Indien
بہار میں ہندو یاتری درگا پوجا کرکے واپس آرہے ہیںتصویر: AP

حکام کے مطابق بدھ کی شام اس فیری پر موجودہ سارے مسافر قریب سے گزرتے جنگلی جانوروں کو دیکھنے کی غرض سے اس کے ایک طرف جمع ہوگئے اور یوں یہ فیری یکدم الٹ گئی۔ حکام نے کہا کہ مسافروں کو کسی بھی طرح کی جان بچانے والی جیکٹس نہیں دی گئیں تھیں، جبکہ فیری کے مالکان نے اس پر گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کروا دیا تھا۔

پولیس حکام نے ان رپورٹوں کی تردید کی ہے جن میں دعوٰی کیا جارہا ہے کہ مرنے والوں میں دو غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک شدگان میں سے 9 کا تعلق دہلی سے ہے، جبکہ باقی افراد بھارت کی جنوبی ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اسی دوران بھارتی ریاست بہار میں باگ متی دریا میں مچھیروں کی ایک کشتی ڈوبنے سے 58 افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کشتی کے اس حادثے میں 42 کے قریب بچے بھی شامل ہیں۔

کشتی پر سوار یہ مسافر قریب کے گاؤں میں درگا پوجا میں حصہ لینے کے بعد گھر واپس جارہے تھے، جب تیز بارش شروع ہوگئی اور یوں ان کی کشتی پانی میں ڈوب گئی۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: افسر اعوان