1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بھارت فٹ بال میں چین سے کئی سال کے فاصلے پر‘

10 جنوری 2011

بھارتی فٹ بال ٹیم کے انگلش کوچ بوب ہوگٹن نے تسلیم کیا ہے کہ ان کی ٹیم کو اس کھیل میں کوئی بھی نمایاں حیثیت حاصل کرنے کے لئے ابھی طویل انتظار اور سخت محنت کرنا ہوگی۔

https://p.dw.com/p/zvrX
تصویر: AP

دوحہ میں ایشیاء کی بہترین سولہ ٹیموں کے درمیان فٹ بال مقابلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ چار گروپس میں بٹی ان ٹیموں میں بھارت اپنے ’سی‘ گروپ میں آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور بحرین جیسی مضبوط ٹیموں کے مقابلے میں جیت کے خواب نہیں دیکھ رہا بلکہ باعزت کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سے کم گول کھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

جہاں چین نے فیورٹ کویت کو حیرت انگیز طور پر صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنے عزائم کا اظہار کردیا ہے وہی آسٹریلیا کے خلاف افتتاحی میچ میں بھارت کی شکست یقینی ہے۔

Jemen Kinder spielen Fußball in Haradh
بھارتی ٹیم کے انگلش کوچ کے مطابق ملک میں کھیل کے لئے انفراسٹرکچر کی اشد ضرورت ہےتصویر: AP

بھارتی ٹیم کے کوچ 1997ء تا 99ء کے دوران چین کی قومی ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر پڑوسی ملک چین عالمی درجہ بندی میں بھارت سے اتنا آگے کیوں ہے تو کوچ ہوگٹن کا جواب تھا، ’انفراسٹرکچر۔‘ تجربہ کار بوب ہوگٹن کا کہنا تھا کہ بھارت فٹ بال کے معیار میں چین سے کئی سال دور ہے۔

واضح رہے کہ فیفا کی درجہ بندی میں بھارت 142ویں جبکہ چین 87 ویں نمبر پر ہے۔ بھارتی فٹ بال ٹیم کے کوچ نے افسوس بھرے انداز میں کہا کہ یہاں کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ایک بھی مناسب میدان موجود نہیں۔

ان کے بقول پورے ملک میں محض چنئی کا سٹیڈیم اس قابل ہے جہاں عالمی کپ کے مقابلوں کے لئے کوالیفائنگ مقابلے منعقد کروائے جاسکتے ہیں۔ بھارتی ٹیم اب سے قبل دو مرتبہ ان مقابلوں میں جگہ بنا پائی ہے۔ 1984ء میں بھارتی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہں کرسکی تھی۔ 1964ء میں فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہنے کے بعد بھارتی ٹیم اسرائیل سے ہار گئی تھی۔

بھارتی کوچ ایشیائی مقابلوں میں جگہ بنا پانے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ اگر حکام ملک کے اندر فٹ بال کے لئے انفراسٹرکچر کی بہتری اور کھیل کے فروغ سے متعلق دیگر کوششیں کریں تو مستقبل روش ہے۔

Kuwait Mannschaft Fußball
کویت کی ٹیم سعودی عرب کو شکست دینے کے بعدتصویر: picture-alliance/dpa

بھارتی فٹ بال ٹیم گزشتہ سال نومبر میں عراق سے صفر کے مقابلے میں دو، کویت سے ایک کے مقابلے میں 9 جبکہ متحدہ عرب امارات سے صفر کے مقابلے میں 5 گولوں سے ہار چکی ہے۔

دریں اثنا سابق چیمپئن اور فیورٹ سعودی عرب کی ٹیم کو غیر معروف شام کی ٹیم سے ایک کے مقابلے میں دو گول کی شکست ہوئی۔ جیت کے لئے پر عزم سعودی انتظامیہ نے پرتگال سے تعلق رکھنے والے کوچ خوزے پیسائیرو کو فی الفور برطرف کرکے تجربہ کار ناصر الجوہر کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں