1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: معمر افراد کی تعداد 140 ملین

15 دسمبر 2009

بھارت میں 90 ملین انسان ساٹھ سال سے زائد عمر کے ہیں۔ ایسے معمر باشندوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آ ئندہ دس سالوں کے اندر بھارت میں 60 سال سے زیادہ عمر کے انسانوں کی تعداد 140 ملین تک پہنچ جائے گی۔

https://p.dw.com/p/L3FM
تصویر: AP

اس وقت چین کے بعد بھارت ہی آبادی کے اعتبار سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اوران معمربھارتی باشندوں میں سے بہت سوں کی زندگی کی شام دوسروں سے بہت مختلف ہے کیونکہ ان میں سے نصف سے زیادہ افراد بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں۔ بھارت میں عمر رسیدہ افراد کی امداد کرنے والی تنظیم ہیلپ ایج انڈیا کے مطابق زیادہ تر معمر افراد جسمانی بیماری کے ساتھ ساتھ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔ بھارت کے معمر افراد کی کل تعداد کا نصف سے زائد حصہ دیہاتوں اور دور دراز گاؤں میں رہتا ہے، جہاں ہسپتالوں اورضعیف افراد کی دیکھ بھال کے لئے مراکز کی تعداد نہایت کم ہے۔

بھارت میں رہنے والے معمر افراد میں سے 90 فیصد کے پاس کوئی سوشل سیکیورٹی نہیں ہے۔ ان میں سے ایک بڑی تعداد غربت کی پست ترین سطح سے بھی نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔

شیرلی ٹیلز بینگلور کی وویکاناندا یونیورسٹی کی ایک یوگا کی تربیت کی ماہر ہیں۔ انہوں نے اولڈ پیپلز ہاؤس کے 120 افراد کی کیفیت کا مطالعہ کیا۔

Leprakranker in Neu Delhi, Indien
معمر افراد میں زیادہ تر کسی نہ کسی بیماری کا شکار ہیںتصویر: AP

’’اس گروپ میں شامل افراد کا سب سے اہم مسئلہ یہ تھا کہ ان کے سماجی حالات نے انہیں نہ صرف ڈپریشن کا شکار کر دیا ہے بلکہ ان کے اندر بے حد غصہ اور تلخی پیدا ہو گئی ہے۔ کیونکہ ان میں سے بہت سوں کو ان کے رشتہ داروں نے اولڈ پیپلز ہاؤس میں ڈال دیا ہے۔ یوگا کے بہت سے فلسفیانہ اصول ہیں جو انسانوں کو ان کے مسائل سے نمٹنے میں مدد دیتے ہیں۔ یوگا کے ذریعے جسم کو حرکت دینا، مختلف اعضاء کو تناؤ کے ذریعے سخت کر لینا پھر ایک دم سانس کے ساتھ جسم کو ہلکا چھوڑ دینا۔ ان تمام ورزشوں سے چھ ماہ کے اندر اندر مریضوں کی صحت پر بہت مثبت اثر پڑتا ہے۔‘‘

شیرلی کے مطابق: ’’جب ہم یوگا کو ڈپریشن کے علاج کے طور پر دیکھتے ہیں تو اس میں شامل چند ورزشیں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ مثلا جسمانی سرگرمی، نفس کشی یا گہری سانس لینے اور قوت کے ساتھ اسے ناک کے ذریعے باہر نکالنے کا عمل، اس کے علاوہ یوگا کے چند نفسیاتی اور جذباتی پہلو بھی بہت اہم ہیں۔‘‘

ماہرین کا خیال ہے کہ سول سوسائٹی اور حکومت دونوں کو مل کر ایسے اقدامت اور پیش قدمیاں متعارف کروانی چاہئیں، جن سے معاشرے کے معمر افراد کو درپیش گوناگوں جسمانی اور نفسیاتی مسائل حل ہو سکیں۔ اور بڑھاپے کے شکار شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

رپورٹ : کشور مصطفیٰ

ادارت : عاطف توقیر