1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں الیکٹرانک میوزک اور ڈانس فیسٹیول کا انعقاد

عابد حسین28 اگست 2016

الیکٹرک ڈائزی کارنیوال کو دنیا کا سب سے بڑا میوزیکل فیسٹیول قرار دیا جاتا ہے۔ اِس کا انعقاد سالانہ بنیاد پر امریکی شہر لاس ویگاس میں کیا جاتا ہے۔ اب منتظمین نے اِس فیسٹیول کو بھارت میں منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JrFt
تصویر: Getty Images/J. Raedle

امریکی ریاست نیواڈا کے گلیمرس شہرلاس ویگاس میں منعقد کیے جانے والے رقص و موسیقی کے انتہائی بڑے فیسٹیول کا انعقاد رواں برس بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ الیکٹرانک ڈائزی کارنیوال نامی میوزک اور ڈانس فیسٹیول بارہ اور تیرہ نومبر کو منعقد کیا جائے گا۔ بھارت میں انعقاد پر اِس میوزیکل فیسٹیول کے انتظامی ادارے نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بھارتی دارالحکومت میں اِس شو کا انعقاد بھارت کے کاروباری حلقوں اور مسلسل افزائش پذیر اشتہاری و ماڈلنگ صنعت کے لیے غیرمعمولی کامیابی کا باعث ہو سکتا ہے۔ اِس فیسٹیول میں شرکت کے لیے بے شمار غیر ملکی سیاحوں کی آمد بھی یقینی خیال کی گئی ہے۔ ان دو ایام کے لیے بھارتی دارالحکومت میں نوجوانوں کی ثقافتی سرگرمیاں کو بے پناہ عروج حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

Hurricane Festival in Scheeßel wegen Unwetters abgesagt
بھارتی دارالحکومت میں میوزیکل فیسٹیول بارہ اور تیرہ نومبر کو ہو گاتصویر: Getty Images/A. Koerner

الیکٹرک ڈائزی کارنیوال کا انعقاد انسومینیئک نامی ادارہ کرتا ہے۔ اس ادارے کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاسکل روٹلا ہیں۔ روٹیلا نے نئی دہلی فیسٹیول کے حوالے سے کہا کہ بھارت میوزک اور ڈانس میں ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ روٹیلا کے خیال میں بھارت میں نوجوان موسیقی اور رقص کے ساتھ ایک خاص محبت رکھتے ہیں اور اِس فیسٹیول کے متعارف کروانے کے بعد مقامی بھارتی موسیقی کی صنعت کو بہت زیادہ فروغ کا امکان پیدا ہو گا۔

روٹیلا کے مطابق اس ابتدائی یا اولین فیسٹیول میں متوقع طور پر بیس سے پچیس ہزار تک بھارتی و غیر ملکی شائقین شرکت کریں گے اور اگلے فیسٹیولز میں شرکاء کی تعداد بہت تیزی کے ساتھ بڑھتی چلی جائے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ مغربی دنیا کے مقبول ڈی جیز یا ڈسک جوکی بھارت میں منعقد کی جانے والی ڈانس تقریبات میں مدعو کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی ڈی جیز کے لیے بھی مارکیٹ میں کافی گنجائش موجود ہے۔

بھارت کے ساحلی شہر گوا میں میوزک اور ڈانس کا فیسٹیول ’سَن بَرن‘ بھی بہت مقبول ہے۔ یہ ہر سال کے اختتامی ایام پر منعقد کیا جاتا ہے اور اِس میں بھارت سے ہزاروں شوقین حضرات شرکت کرتے ہیں۔ الیکٹرک ڈائزی کارنیوال کو متعارف کرانے والی کمپنی کے سربراہ پاسکل روٹیلا بچپن سے ہی بھارت کو ایک خواب نگر خیال کرتے چلے آ رہے ہیں اور اب وہاں پر اپنے کامیاب میوزیکل فیسٹیول کے انعقاد سے اپنے پرانے خواب کو تعبیر دینا چاہتے ہیں۔ رواں برس جون میں الیکٹرک ڈائزی کارنیوال میں چار لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔