1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں ٹرین حادثہ، درجنوں ہلاک

19 جولائی 2010

بھارت کے ایک مشرقی علاقے میں دو ٹرینوں کے درمیان تصادم میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ کولکتہ سے دو سو کلومیٹر دُور ضلع بیربھوم میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/OOZ9
تصویر: AP

خبررساں ادارے AFP نے دو بھارتی ٹیلی ویژن چینلز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 50 سے 70 کے درمیان ہے جبکہ ہیڈلائنز ٹوڈے نیٹ ورک یہ تعداد ایک سو بتا رہا ہے۔ تاہم سرکاری سطح پر حتمی اعدادوشمار جاری نہیں کئے گئے۔

مقامی پولیس عہدیدار ہمایوں کبیر نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، لیکن ابھی کوئی تعداد نہیں بتائی جا سکتی۔

دوسری جانب خبررساں ادارے AP نے ریلوے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ 35 نعشیں مقامی ہسپتال پہنچائی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مزید افراد بوگیوں میں پھنسے ہیں، جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خبررساں اداروں نے بھارت کے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حادثہ پیر کو صبح دو بجے ہوا، جب کولکتہ سے 200 کلومیٹر دُور ضلع بیربھوم میں ایک ایکسپریس ٹرین سینتھیا اسٹیشن پر کھڑی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی۔

ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج کے مطابق ٹرین کی ٹکر اس قدر شدید تھی کہ ایک ٹرین کے انجن کا اگلا حصہ ایک قریبی پل پر جا گرا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ابھی دو ماہ قبل ہی بھارتی علاقے مغربی بنگال میں دو ٹرینوں کے تصادم میں ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کی ذمہ داری ماؤنواز باغیوں پر ڈالی گئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید