1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں چوتھے مرحلے کی پولنگ مکمل

افتخار گیلانی، نئی دہلی7 مئی 2009

بھارت میں عام انتخابات کے چوتھے مرحلے کی پولنگ میں 85 حلقوں میں مجموعی طور پر 7 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس دوران تشدد اور پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کرنے کے کئی واقعات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/HlfV
جمعرات کو 94 ملین ووٹروں میں سے تقریباً 57 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جو پچھلے تین مرحلوں کے مقابلے زیادہ ہےتصویر: AP

چوتھے مرحلے میں راجستھان کی تمام 25، دہلی کی تمام اور ہریانہ کی تمام 10 سیٹوں کے علاوہ بہار کی تین، پنجاب کی چار، جموں و کشمیر کی ایک، مغربی بنگال کی 17 اور اترپردیش کی اٹھارہ سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔

Anhänger der Bharatiya Janata Partei im indischen Teil Kaschmirs 2
بی جے پی کے کارکن جیت کے لیے پر عزمتصویر: picture-alliance / dpa

جمعرات کو 119 خواتین سمیت ایک ہزار تین سو پندرہ امیدوار میدان میں تھے۔ ان میں وزیر خارجہ پرنب مکھرجی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ، سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو، راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد، راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ، فلم اداکار شتروگھن سنہا، شیکھرسمن اور راج ببر، ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھجن لال اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ شامل ہیں۔

ڈپٹی الیکشن کمشنر آر بالاکرشنن نے بتایا کہ 94 ملین ووٹروں میں سے تقریباً 57 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جو پچھلے تین مرحلوں کے مقابلے زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہریانہ میں 63 فیصد، پنجاب میں 65 فیصد، جموں و کشمیر میں 24 فیصد، راجستھان میں 50 فیصد، اترپردیش میں 50 فیصد، مغربی بنگال میں 75 فیصد اور بہار میں 37 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ دہلی میں گرمی کے باوجود بھی کافی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے آئے۔ یہاں 50 فیصد سے زائد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

Indiens Regierungspartei legt Wahlprogramm vor 2
امکان ہے کہ دہلی میں کانگریس زیادہ نشستیں حاصل کرے گیتصویر: AP



صدر پرتبھا پاٹل‘ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، نائب صدر محمد حامد انصاری، کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، جنرل سکریٹری راہل گاندھی، ان کی بہن پرینکا گاندھی، دہلی کے گورنر تیجندر کھنہ، وزیر اعلی شیلا دکشت وغیرہ جیسے رہنما بھی اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ مراکز پر پہنچے۔ پرتبھا پاٹل ووٹ ڈالنے والی بھارت کی دوسری صدر ہیں، اس روایت کا آغازسابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے کیا تھا۔

دہلی میں پولنگ کے دوران اس وقت عجیب و غریب صورت حال پیدا ہوگئی جب چیف الیکشن کمشنر نوین چاولہ کا نام ووٹروں کی فہرست میں نظر نہیں آیا۔ بہرحال نوین چاولہ نے بعد میں اپنا ووٹ ڈالا۔

چوتھے مرحلے کی پولنگ کے دوران تشدد کے کئی واقعات پیش آئے۔ مغربی بنگال کی مرشدآباد ضلع میںجانگی پور حلقہ میں بائیں بازو کی پارٹی سی پی ایم کا ایک کارکن مارا گیا۔ یہاں سے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی بھی میدان میں ہیں۔ مغربی بنگال میں ہی ووٹ ڈالنے کے لئے قطار میں کھڑے دو لوگوں کو لو لگنے سے موت ہوگئی جب کہ راجستھان کی سوائی مادھو پور میں ایک پولنگ بوتھ پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی فائرنگ میں ایک شخص مارا گیا۔

چوتھے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی لوک سبھاکی 543 سیٹوں میںسے 372 سیٹوں کے لئے انتخابات مکمل ہوگئے۔