1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں یوم جمہوریہ کی تقریبات

افتخار گیلانی، نئی دہلی26 جنوری 2009

بھارت میں آج ساٹھویں یوم جمہوریہ کی تقریبات روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/GgUc
یوم جمہوریہ کی تقریبات میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے شرکت کیتصویر: AP

سب سے بڑی تقریب قومی دارالحکومت دہلی کے راج پتھ پر منعقد کی گئی۔ پریڈ والے پورے علاقے کو کسی فصیل بند قلعہ میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ زمین سے لے کر فضا تک ہرجگہ سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر قازقستان کے صدر نو ر سلطان نذربائےاوف مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جب کہ صدر پرتبھا دیوی سنگھ پاٹل نے تینوں افواج کی سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کی سلامی لی۔

BdT Indien zeigt Stärke
بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر روایتی ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئیتصویر: AP

آزاد بھارت کی تاریخ میں اس بار پہلی مرتبہ وزیر اعظم یوم جمہوریہ پریڈ میں شریک نہیں ہوسکے۔ وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ دل کا آپریشن کرانے کی وجہ سے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے ٹیلی ویژن اسکرین پر یوم جمہوریہ پریڈ دیکھی جب کہ وزیر دفاع اے کے انٹونی نے ان کی نیابت کرتے ہوئے تمام روایتی رسومات انجام دیں۔

پریڈ میں بھارت نے اپنی دفاعی تحقیق و ترقی کی بھی نمائش کی۔ اس موقع پر نیوکلیائی ہتھیار لے جانے والے سپرسونک برہموس میزائل اور جدید ترین کروز میزائل اگنی تین اور آکاش کی بھی نمائش کی گئی جب کہ تینوں افواج کے علاوہ نیم فوجی دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

BdT Indische Reitwache in Neu-Delhi
یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بھارتی وزیر اعظم علالت کے سبب شریک نہ ہو سکےتصویر: AP

یوم جمہوریہ پریڈ میں بھارت کی رنگارنگ ثقافت اور سماجی و اقتصادی ترقی کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔ پریڈ میں شامل اسکول کے بچوں نے اپنے کرتب سے سب کا من موہ لیا۔

یوم جمہوریہ کے موقع پر ہی بھارت میں مختلف سرکاری اعزازات دئے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ بہادری اور شجاعت کے لئے اعلی ترین اعزاز اشوک چکر رےکارڈ گیارہ افراد کو دیا گیا۔ ان میں ممبئی پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کے علاوہ دہلی کے متنازع بٹلہ ہاوس انکاونٹر میں مارے گئے انسپکٹر موہن چند شرمابھی شامل ہیں۔ شرما کو یہ اعزاز ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب حکومت کی ایک سینئر وزیر ارجن سنگھ نے کہا ہے کہ اس تصادم کی انکوائری ہونی چاہئے اور حکومت اس پر راضی بھی ہوچکی ہے۔

Indische Armee zum 59 Tag der Republik
پریڈ میں فوجی اور نیم فوجی دستے شامل تھےتصویر: AP

حقوق انسانی کے کارکن گوتم نولکھا نے کہا کہ ایسے وقت میں جب حکومت نے ایک جوڈیشیل انکوائری کا عندیہ دیا ہے، متازعہ تصادم کے واقعات میں شامل کسی پولیس افسر کو شجاعت اور بہادری کے نام پر ایوارڈ دینے سے ایک غلط روایت قائم ہوگی اور ماورائے عدالت سزا دینے والے پولیس افسران کا حوصلہ بڑے گا۔

دریں اثنا ملک کی مختلف ریاستوں سے یوم جمہوریہ منائے جانے کی رپورٹیں موصول ہوئیں ہیں تاہم کہیں سے کسی بڑے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔