1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی

24 نومبر 2010

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے، جس کا تیسرا اور آخری میچ منگل کو مکمل ہوا۔ بھارت نے یہ میچ ایک اننگز اور 198رنز سے جیتا۔ بھارتی کرکٹ کے لئے حالیہ دِنوں میں یہ سب سے بڑی فتح ہے۔

https://p.dw.com/p/QGYc
راہول ڈراوڈتصویر: AP

ناگپور میں کھیلے گئے اس میچ میں سپنرز ہربھجن سنگھ، پراگیان اوجھا اور سریش رائنا نے مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد فاسٹ بولر اشانت شرما نے مہمان ٹیم کے آخری بلے بازوں کو شکار بنایا۔ میچ کے چوتھے دِن منگل کو نیوزی لینڈ نے دوسرے سیشن تک 175رنز بنائے۔

دِن کے آغاز پر نیوزی لینڈ کو ایک اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 349 رنز کی ضرورت تھی جبکہ بھارت کو 373 رنز کی سبقت حاصل تھی۔ میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 566 رنز بنائے تھے، جس میں راہول ڈراوڈ کی 191رنز پر مشتمل شاندار اننگز بھی شامل تھی۔

میزبان ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لئے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی جانب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے بعد میں کہا، ’ہمیں توقع نہیں تھی کہ کھیل اتنی جلدی ختم ہو جائے گا۔ ہمارے لئے یہ بات اہم تھی کہ کھیل کا آغاز اچھا ہو۔ ہم بدلتے ہوئے ٹریک سے آگاہ تھے اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں ہی کچھ وکٹیں گرانا چاہتے تھے۔’

Cricket Test Series zwischen Indien und Neuseeland 2
نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل ویٹوریتصویر: AP

دھونی نے کہا کہ یہ بہت اچھا دِن تھا اور ہر کام ان کے منصوبے کے مطابق ہوا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل ویٹوری نے کہا، ’ہم نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کیا اور میچ ہار گئے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جائے اور پھر رنز 193ہی بنائے جائیں، اس طرح تو ٹیسٹ میچ نہیں جیتا جا سکتا۔‘

انہوں نے کہا، ’میرے خیال میں دونوں ٹیمیں شرما کی وجہ سے ایک دوسرے سے مختلف ٹھہریں۔ اس نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں گرائیں اور پہلی میں چار۔‘

ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کا نمبر آٹھواں ہے۔

راہول ڈراوڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ ہربھجن سنگھ مین آف دی سیریز قرار پائے، انہوں نے تین میچز میں 315 رنز سکور کئے اور دس وکٹیں لیں۔ اس سیریز کے پہلے دو میچ بے نتیجہ رہے تھے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان