1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر

12 مئی 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ایف کے ایک میچ میں سری لنکا نے بھارت کو انتہائی باوقار انداز میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے خارج کردیا۔آسٹریلیا نے بھی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NLgF
تصویر: AP

ویسٹ انڈیز کے جزیرے سینٹ لوسیا کے مقام گروس آئیلٹ میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آخری دو میچوں سے راؤنڈ مقابلوں کی تکمیل ہو گئی ہے۔ گروپ ایف سے سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ آسٹریلیا نے اپنے گروپ کے تینوں میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح اب دوسرے سیمی فائنل میں اُس کا مقابلہ پاکستان سے ہو گا، جو جمعہ چودہ مئی کو ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہو گا اور یہ تیرہ مئی کو کھیلا جائے گا۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
عالمی مقابلوں میں انڈین پریمیئر لیگ کا تجربہ رکھنے والے بھارتی کھلاڑی ناکام رہے۔تصویر: AP

منگل کو کھیلے گئے گروپ ایف کے دومیچوں میں بھارت اور سری لنکا کا میچ خاصا کانٹے دار رہا۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 163 رنز بنائے اور یہ ایک مناسب ہدف تھا۔ اس سکور کے تحت بھارت کی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لئے یہ لازمی تھا کہ وہ سری لنکا کی ٹیم کو 144 رنز سے زیادہ کا اسکور بنانے نہ دے۔ میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ بھارتی ٹیم کا مقدر جاگتا ہوا محسوس ہوا مگر پہلے کپتان سنگا کارا اور پھر اینگلو میتھیوز اور کپو گدیرا نے آخری پانچ اوورز میں بھارتی بالروں کی زور دار دھلائی کرکے بھارتی ٹیم کوشکست دی۔ میچ کی آخری گیند پر سری لنکا کو میچ جیتنے کے لئے تین رنز درکار تھے اور اشیش نہرا کی گیند پر کپو گدیرا نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔ ان پانچ اوورز میں سری لنکا کے بلے بازوں نے ساٹھ رنز ڈال کر نہ صرف میچ جیت لیا بلکہ بھارتی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے خواب کو چکنا چور کردیا۔ کپو گدیرا اور میتھیوز نے ساٹھ میں سے چھپن رنز چوکوں اور چھکوں سے بنائے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ سری لنکا کی ٹیم کی کارکردگی سے بھارتی ٹیم کی  کمزور بولنگ کا پردہ ہٹ گیا ہے۔

Westindische Inseln Sport Cricket Chris Gayle
میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کپتان کرس گیل آسٹریلوی ٹیم کے خلاف میچ میں بڑی کارکردگی سے محروم رہےتصویر: AP

دوسرا میچ میزبان ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تھا۔ اس میں آسٹریلوی ٹیم کو ویسٹ انڈیز ایک بڑے فرق سے شکست دے کر ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر سکتی تھی مگر ایسا نہ ہو سکا۔ آسٹریلیا کے بولروں نے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو اپنے کنٹرول میں رکھا۔ ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کے جلد آؤٹ ہونے کی ایک وجہ غیر ضروری انداز میں تیز سکور کرنا بھی شامل تھا۔ ویسٹ انڈیز کے نو کھلاڑی 85 کے سکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ آخری جوڑی نے ٹیم کا سکور ایک سو سے اوپر لے جانے میں بیس رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ ساری ٹیم 19ویں اوور میں105 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کے بلے با زوں نے حسب توقع ہدف کا حصول انتہائی قابل اعتماد انداز میں کرنے کی کوشش ضرور کی مگر اکتیس کے سکور پر ویسٹ انڈیز کے تیز بولرجیروم ٹیلر نے پہلے وارنر اور پھر سپنر سلیمان بین نے واٹسن کو آؤٹ کرکے آسٹریلوی جارحانہ کھیل کو روک دیا۔ آسٹریلیا کے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر کا کھیل خاصا جارحانہ رہا۔ وارنر نے بارہ گیندوں پر پچیس سکور کیا جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان مائیکل کلارک اور وکٹ کیپر بریڈ ہادن نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹارگٹ مکمل کیا۔ ہادن اُس وقت آؤٹ ہوئے جب سکور برابر تھا۔ آسٹرلیا نے مطلوبہ ہدف سترہویں اوور میں مکمل کیا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں