1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کا یوم آزادی، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

14 اگست 2009

بھارت میں کل 15 اگست کو یوم آزادی منایا جا رہا ہے۔ ایک طرف سوائن فلو نے بھارت کو پریشان کر رکھا ہے تو دوسری جانب یوم آزادی کے موقع پر حملوں کی دھمکیوں کی وجہ سے نئی دہلی حکومت کو سخت حفاظتی انتظامات کرنے پڑ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JBLC
یوم آزادی کے موقع پر بھارت میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیںتصویر: AP

خبر رساں ادارے AFPکے مطابق بھارت میں 63 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بھاری اسلحہ سے لیس پولیس اہلکاروں کو ہوائی اڈوں، بس اور ٹرین کے سٹیشنوں پر بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملوں کی افواہوں کے پیش نظر نئی دہلی میں مذہبی جگہوں پر خاص طور پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس حوالے سے بھارت میں وزارت داخلہ کے ترجمان اونکار کیڈیا کا کہنا ہے کہ اگرچہ کوئی خاص خطرہ نہیں ہے تاہم موجودہ حالات کی وجہ سے سیکیورٹی کو سخت کرنا ضروری ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے مزیدکہا کہ اس سلسلے میں تمام ریاستوں کو حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

Red Fort, Delhi
نئی دہلی کے لال قلعے میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم من موہن سنگھ شرکت کر رہے ہیںتصویر: AP

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی حکومت کو پاکستان اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مختلف گروہوں سے حملوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد، نئی دہلی اور کولکتہ میں پولیس کو 15 اگست تک سیکیورٹی کے خاص احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ہفتے کے روز جشن آزادی کے سلسلے میں نئی دہلی کے لال قلعے میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم من موہن سنگھ شرکت کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نہ صرف لال قلعے کے گرد سیکیورٹی رنگ قائم کیا جائے گا بلکہ اس علاقے کو نو فلائی زون بھی بنا دیا جائے گا۔ کہا جارہا ہے کہ حملہ کی صورت میں وزیر اعظم اور دیگر اہم شخصیات کو محفوظ مقام تک لے جانے کی بھی تیاری کر لی گئی ہے۔

رپورٹ : میرا جمال

ادارت : عدنان اسحاق