1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے دفاعی بجٹ میں حیران کُن اضافہ

گوہر نذیر گیلانی17 فروری 2009

گُزشتہ برس نومبر میں ممبئی پر ہونے والے حملوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی حکومت نے اپنے دفاعی بجٹ میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 35 فی صد کا اضافہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/GvkG
بھارتی اور روسی سائنس دانوں کے تیار کردہ سُپر سانک کروز میزائل ہمسایہ ملک پاکستان کے اندر اپنے اہداف پر حملہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیںتصویر: AP

بھارت نے آئیندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل نئے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے دفاعی سیکٹر کے لئے لگ بھگ ایک لاکھ بیالیس ہزار کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔

گُزشتہ برس کا دفاعی بجٹ ایک لاکھ پانچ ہزار کروڑ روپے کی رقم پر مبنی تھا۔

Indian Foreign Minister Pranab Mukherjee
بھارتی وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور سالمیت کے لئے ضرورت پڑنے پر اور زیادہ رقم خرچ کی جائے گیتصویر: AP

بھارتی پارلیمان میں سال 2009ء کا عبوری بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے سلامتی کے موجودہ ماحول کو دفاعی بجٹ میں اضافے کی اہم ترین وجہ قرار دیا۔ مکھرجی کے مطابق بھارت میں سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔

Kaschmirkonflikt verschärft sich
بھارتی فوج کے اہلکار پاک۔بھارت سرحد کے قریب ایک تربیتی مشق کے دورانتصویر: AP

اس وقت وزارت خزانہ کا قلمدان بھی عبوری طور پر پرنب مکھرجی کے پاس ہے۔ مکھرجی نے ملک کی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ان مشکل اوقات میں جب دُنیا کی بڑی طاقتیں معاشی استحکام کے لئے جدوجہد کررہی ہیں، بھارت میں GDP یعنی مجموعی ملکی پیداوار کی شرح سات اعشاریہ ایک فی صد ہے، جس کے نتیجے میں ہم تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہیں۔‘‘

Wahlen in Indien Wähler
بھارت میں اس سال عام انتخابات منعقد ہورہے ہیںتصویر: AP

بھارت میں اسی سال عام انتخابات بھی ہورہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کانگریس کی سربراہی والی متحدہ ترقی پسند اتحاد یعنی UPA حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے عام آدمی کا خیال رکھا ہے۔

’’بھارت میں ترقی کے عمل کا فوکس عام آدمی ہے۔ عام آدمی نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح ہماری حکومت نے مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈورسنبھالے رکھی ہے۔‘‘

مکھرجی نے کہا کہ ممبئی حملوں نے سرحد پار دہشت گردی کو ایک نیا موڑ دے دیا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کے بقول بھارت ایک مشکل دور سے گُزر رہا ہے اور ملک کی سلامتی کا مسئلہ اس وقت اہم ترین ہے۔ پرنب مکھرجی نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ملک کی سلامتی کے حوالے سے بھارتی حکومت اور بھی رقم خرچ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہے گی۔