1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے لیے ایرانی تیل کی ادائیگی میں پیش رفت

30 جولائی 2011

بھارت کی تیل صاف کرنے والی ریفائنریوں کی جانب سے ایران سے حاصل ہونے والے خام تیل کی ادائیگی کے سلسلے میں ایک طریقہٴ کار کو ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ اب ادائیگی کا عمل ایک ترک بینک کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/126Uq
تصویر: AP

بھارت میں برآمد کیے جانے والے خام تیل کا بارہ فیصد ایران سے حاصل کیا جاتا ہے۔ ایران کو متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا ہے۔ اس باعث بھارت کی جانب سے ادائیگی کے عمل میں رکاوٹ دیکھی جا رہی تھی اور غیرادا شدہ رقم کا حجم بڑھتے بڑھتے پانچ ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

Gas im Iran
بھارتی تیل برآمدات کا بارہ فیصد ایرانی تیل پر انحصار ہےتصویر: AP

اس باعث ایران نے بھارتی حکومت کو متنبہ کیا تھا کہ وہ خام تیل کی ادائیگی کے عمل کو ممکن بنائے ورنہ اسے تیل کی سپلائی روک دی جائے گی۔ اگست کے لیے ایران کی جانب سے چار لاکھ بیرل خام تیل کی سپلائی سردست معطل ہے۔

بھارتی ریفائنریوں نے تیل کی سپلائی میں توازن قائم رکھنے کے لیے سعودی عرب سے اضافی تیل ضرور حاصل کیا ہے مگر یہ ایران کی جانب سے فراہم کیے جانے والے خام تیل کا ایک چوتھائی ہے۔

بھارت اور ایران مالی ادائیگیوں کے حوالے سے کوئی حل تلاش کرنے کی کوششوں میں تھے۔ اس سلسلے میں بھارتی ریفائنریوں نے ایک متبادل ذریعہ ڈھونڈنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت بھارتی پیٹرو کیمیکل اداروں کا یونین بینک میں کھاتے کھولنا لازمی ہو گیا ہے۔ ترکی کا ہلک بینک یونین بینک سے موصول ہونے والی رقوم کی منتقلی کی تصدیق کرے گا۔

Ölförderung in Iran, Öl, Wirtschaft
ایران کا ایک پیٹرو کمیکل ادارہتصویر: AP

بھارت میں حکومتی سرپرستی میں چلنے والے تیل کے ادارے منگلور ریفائنری اینڈ پیٹرو کیمیکل لمیٹڈ (MRPL) نے ہلک بینک کے ذریعے ایرانی حکومت کو ادائیگی کی جو کوشش کی ہے وہ کامیاب ہوئی ہے۔ یہ ایک ٹیسٹ تھا۔ ایران کو رقم یورو میں ٹرانسفر کی گئی۔ بھارت کے سرکاری پیٹرو کیمیکل ادارےMRPL نے دو ذرائع کے ذریعے رقم منتقل کی ہے۔ رقم کی اس منتقلی میں بھارت کا یونین بینک بھی شامل ہے۔ یونین بینک حکام کے مطابق یہ پہلی آزمائشی ادائیگی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ادائیگی کا یہ سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اسی طرح ایک اور بھارتی پیٹرو کیمیکل ادارے ایسر آئل کی جانب سے بھی ادائیگی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ماہرین اب بھی شکوک میں مبتلا ہیں کہ موجودہ طریقہٴکار بھی پائیدار نہیں اور اگلے دنوں میں امریکی دباؤ کے تحت رقوم کی منتقلی کا عمل رک سکتا ہے۔

بھارتی وزیر تیل جے پال ریڈی نے ادائیگی کے عمل میں پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو خام تیل کی ادائیگی کی پہلی قسط جلد جاری کردی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں